اسٹریٹ کرائم کے خلاف ملیر ہالٹ پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
اسٹریٹ کرائم کے خلاف شہر قائد کے نوجوان اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر یکم جنوری 2023 کو ملیرہالٹ اقرا یونیورسٹی کے سامنے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور راہ زنی کی وارداتوں میں نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف نوجوانوں کا صبر پا پیمانہ لبریز ہوگیا، فرزندانِ ملیر یوتھ آرگنائزیشن نے اتوار یکم جنوری کو سہ پہر چار بجے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد شہر کے دیگر حصوں میں بھی احتجاج کا امکان ہے۔ واضح رہے شہر قائد میں آئے روز راہ زنی کی وارداتوں میں شہریوں کو قتل وغارت کا سامنا ہے، جس کے باعث شہریوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ تصویر میں دکھائی دینے والے شاہ رخ کو بھی شادی کے فوراً بعد کشمیر روڈ پر گھر کی دہلیز پر قتل کیا گیا تھا، اس کے برابر میں عفان اویس کو شاہ راہ فیصل پر نشانہ بنایا گیا۔ جب کہ بلال جو کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم تھے، گذشتہ دنوں ہی ایسی واردات میں قتل کیے گئے۔ جب کہ جہانگیر کو گذشتہ روز ہدف بنایا گیا ہے۔ کل کے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے فرزندان ملیر یوتھ کا کہنا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ اس مظاہرے میں شریک ہوں ورنہ کل کو خدانخواستہ یہ اسٹریٹ کرائم کا باورد ان تک بھی پہنچ سکتا ہے۔