سمے وار (مانیٹرنگ ڈیسک) سکھ مذہب کے بانی گرو نانک کے 555 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر وفاقی حکومت 55 روپے مالیت کا یادگاری سکّہ جاری کر رہی ہے، جو نکل، پیتل، تانبہ 79 وغیرہ پر مشتمل ہے، قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔
اس سکے کے سامنے کے رخ سے وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر سکّے کے کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپرعددی صورت میں اجرا کا سال 2024 درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت جلی اعداد میں ’’55 ‘‘ اور اردو رسم الخط میں ’’روپیہ‘‘ تحریر ہے۔
سکے کے پچھلے رخ پر وسط میں گرونانک کی یادگار کی تصویر ہے۔ یادگار کے اوپر ’’ 555th Birthday Celebrations ‘‘ اور یادگار کی عمارت کے نیچے ’’SRI GURU NANAK DEV JI ‘‘ تحریر ہے جبکہ سکے کے نچلے کنارے کے ساتھ ’’1469-2024‘‘ درج ہے جو ان کے یومِ پیدائش سے اب تک کی مدت کی عکاسی کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بابا گرونانک سکھ مذہب کی روایت کے بانی اور اس سرزمین پر پیدا ہونے والی اُن عظیم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جو اب پاکستان کا حصہ ہے۔ سکھ مت ایک عالمی مذہب ہے جس کے دنیا بھر میں لاکھوں پیروکار ہیں، اور اس کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں واقع ہیں۔
یہ سکّہ 22 نومبر 2024ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے تبادلہ کاؤنٹرز کے ذریعے جاری کیا جا رہا ہے۔