کراچی (’سمے وار‘ خصوصی رپورٹ) اپنی اشاعت کے 75 سال مکمل ہونے پر روزنامہ ’جنگ‘ نے آج 31 مارچ 2022ءکو اپنی خصوصی اشاعت میں 80 صفحات شایع کیے ہیں، جس میں گذشتہ پچھتر سالوں میں روزنامہ ’جنگ‘ کے حوالے سے خصوصی تجزیے، تبصرے اور اس دوران کے اہم سیاسی وصحافتی حالات وواقعات کو جگہ دی گئی ہے، جس میں جنگ کی اہم شاہ سرخیاں، یادگار تصاویر، اہم انٹرویو، کالم، اداریے، رئیس امروہوی کے قطعات، مشہور زمانہ ٹارزن کی کہانی، میگزین، مذہبی صفحات اور شوبز وغیرہ کا بھی خصوصی احاطہ کیا گیا ہے۔
’جنگ‘ کے بانی مدیر میر خلیل الرحمن، 1970ءکے عام انتخابات، سانحہ مشرقی پاکستان، سنسرشپ، پنڈی سازش کیس، ملک میں بدعنوانی کی صورت حال اور نواز شریف پر خصوصی صفحات قابل ذکر ہیں، وزیر اعظم عمران خان پر دو صفحات شامل کیے گئے ہیں، جس میں ایک پر ان پر بطور کھلاڑی بات کی گئی، جب کہ دوسرے میں ان کی سیاسی اٹھان میں میڈیا کے کردار پر بات کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے چیئرمی بلاول بھٹو زرداری پر بھی ایک صفحہ شایع ہوا ہے، جس کے پیچھے پورے صفحے کا ’حکومت سندھ‘ کا اشتہار شامل ہے۔ اِن تین کے علاوہ کسی سیاسی راہ نما کو خاطر خواہ جگہ نہیں دی گئی۔
’جنگ‘ کی خصوصی اشاعت میں مضامین لکھنے والوں میں ’جنگ‘ کے موجودہ مدیر مدثر مرزا، سابق مدیر محمود شام، سب رنگ ڈائجسٹ کے بانی شکیل عادل زادہ، معروف صحافی مظہر عباس، اخلا ق احمد خان، ڈاکٹر سید جعفر احمد، ناصر بیگ چغتائی، فاضل جمیلی، مہ ناز رحمن، غازی صلاح الدین، رضیہ فرید، رضوان احمد طارق، ندا سکینہ صدیقی، خاور نعیم ہاشمی اور ودیگر شامل ہیں، جس میں بہت سوں کی ایک سے زائد تحریریں بھی اس اشاعت کا حصہ بنی ہیں۔
آج کی ’جنگ‘ کی اس خصوصی اشاعت میں تقریباً نصف صفحات اشتہارات پر مشتمل ہیں، جنگ کی اس یادگار اشاعت کے موقع پر قیمت معمول کے مطابق 20 روپے ہی رکھی گئی ہے۔
samywar.com
Categories