سمے وار (خصوصی رپورٹ)
جماعت اسلامی اس وقت نہایت دل جمعی سے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اس کی خواہش ہے کہ یہ انتخابات ملتوی نہ ہوں اور ان کا بروقت انعقاد ممکن ہو، اسی انتخابی مہم کے دوران مختلف پوسٹر اور بینر بھی تیار کیے جا رہے ہیں، ساتھ ہی سماجی ذرایع اِبلاغ پر بھی محاذ خاصا گرم دکھائی دے رہا ہے، ایسے میں بہت سی پوسٹ پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو ’’قائدِ تحریک‘‘ لکھنے پر خاصے دل چسپ تبصروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گویا وہ قائدِ تحریک کے لفظ سے بہت زیادہ چرچے میں آگئے ہیں، کیوں کہ قائدِ تحریک کا لفظ ’ایم کیو ایم‘ نے اپنے بانی اور قائد الطاف حسین کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر استعمال کیا کہ وہ ان کے لیے مخصوص ہو کر رہ گیا، اس سے قبل ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے لیے ’قائدِ عوام‘ کا خطاب چنا تھا جو خاصا مقبول رہا اور ان کی پہچان بھی بنا، اب جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کو ’قائدِ تحریک حق دو کراچی کو لکھ کر ایک نئی بحث شروع کر دی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کراچی کے عوام اس نئے قائد تحریک کو کس قدر پذیرائی بخشتے ہیں۔