سمے وار (خصوصی رپورٹ)
22 اگست 2016ءکے بعد کراچی میں ایم کیو ایم (الطاف گروپ) سے اپنی وابستگی برقرار رکھنے والے چند راہ نماﺅں میں نمایاں کئی بار رکن قومی اسمبلی رہنے والے کنور خالد یونس نے ایم کیو ایم (الطاف گروپ) سے علاحدگی کا اعلان کردیا۔ اپنے ٹوئٹر پر اس قدم کا سبب 78 سال کی عمر اور خرابی صحت قرار دیا۔ تاہم اس سے اگلی ٹوئٹ میں انھوں نے ’ایم کیوایم (بہادرآباد) کی تعریف اور کنوینر بہادرآباد ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کی سابقہ چمک دمک کی واپسی کی دعا بھی کی ہے، ان کے لیے نرم الفاظ کا استعمال اور اچھی امید کا اظہار کسی بدلے ہوئے سیاسی منظر کی خبر دے رہا ہے۔ اب یہ اندازہ نہیں ہے کہ ’الطاف گروپ‘ کے کراچی میں دیرینہ ساتھی اور رابطہ کمیٹی کے فعال رکن کنور خالد یونس نے یہ ’ٹوئٹ‘ خود کیے ہیں یا پھر ان کے اکاﺅنٹ سے کوئی اور یہ سب کر رہا ہے، یا کروا رہا ہے۔ واضح رہے آج 10 جون 2022ءسے قبل ان کی آخری ٹوئٹ 8 اپریل 2022ءکی ہے، جس میں انھوں نے طبیعت ٹھیک نہ ہونے کے باعث اپنی سیاسی ذمہ داریوں سے سبک دوشی کا اظہار کیا ہے۔ یہی وہ وقت تھا، جب انھیں ’الطاف گروپ‘ کے ساتھی مومن خان مومن کے ساتھ نقص امن کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ ’ٹوئٹر‘ کے تعارفی خانے میں انھوں نے جو ’الطافسٹ‘ لکھا ہوا تھا، اب وہ بھی ہٹا دیا گیا ہے، البتہ ان کے تعارف میں ’لیفٹسٹ‘ ضرور لکھا ہوا ہے۔
Categories