Categories
اچھی اردو انکشاف رضوان طاہر مبین سیاست

خط کو اردو میں اور کون سے 6ناموں سے پکارتے ہیں؟

رضوان طاہر مبین

اتوار 27 مارچ 2022ءکو اسلام آباد کے پریڈ گراﺅنڈ کے جلسے میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایک خط لہرائے جانے پر دل چسپ تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ ایک طرف ان کے مخالفین مختلف طریقوں سے ان پر طنز کر رہے ہیں، وہیں بہت سے اہل ذوق افراد خط کے حوالے سے مختلف اشعار اور نغمے بھی ایک دوسرے سے بانٹ رہے ہیں۔

لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ انگریزی میں لیٹر Letter اور اردو میں عام طور پر ’خط‘ کہے جانے والے اس رقعے کو اردو ہی میں مزید کن الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے اور وہ کون سے لفظ ہیں، جو خط کے ہم معنی ہیں۔
آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں:

٭ مکتوب
خط کو عام طور پر دفتری اردو میں ’مَکتوب‘ بھی کہا جاتا ہے۔ جس کے لفظی معنی ہیں’لکھا ہوا‘ یا ’مرقوم‘۔

٭ مراسلہ
مراسلہ بھی خط کا ایک اردو مترادف ہے، جس کے معنے بھی خط ہی کے ہیں، لیکن لغت میں اس کے معنیٰ ”ہم پلہ فرد کے خط“ کی تفصیل بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اخبارات میں کسی مسئلے پر توجہ دلانے کے لیے قارئین جو خطوط لکھتے ہیں، اصطلاحی معنوں میں اسے بھی ’مراسلہ‘ کہتے ہیں۔

٭ نامہ
دراصل لغت میں ’نامہ‘ کے مطلب دیکھیے، تو اسی میں ہی خط کے دیگر مترادف بھی درج ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ خط کے لیے یہ بہت عام لفظ رہا۔ اس حوالے سے فیض احمد فیض ایک مشہور شعر بھی ہے
لاؤ تو قتل نامہ مرا میں بھی دیکھ لوں
کس کس کی مہر ہے سر محضر لگی ہوئی
اس کے علاوہ داغ دہلوی کا یہ شعر بھی زبانِ زدِ عام ہے
خط میں لکھے ہوئے رنجش کے کلام آتے ہیں
کس قیامت کے یہ ’نامے‘ مرے نام آتے ہیں

٭ پَتر
پَتر میں ’پ‘ پر زبر ہے، اور اسے بغیر تشدید کے ساتھ پڑھنا ہے ورنہ وہ پُتّر پڑھا جا سکتا ہے، پنجابی میں جس کے معنی بیٹے کے ہیں۔ ہندی میں اکثر خط کو ’پتر‘ کہتے ہیں اور محبت نامے (Love Letter) کو ’پریم پتر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، یہی نہیں ہندوستان میں اکثر صحافی کے لیے بھی ’پترکار‘ جیسا مشکل لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔

٭ چِٹھی
گو کہ خط کو چِٹھی کہنے کا چلن پنجابی زبان میں زیادہ ہے، لیکن یہ اردو میں بھی ایک معروف لفظ ہے۔ اکثر شاعری میں خط کے لیے چٹھی کا لفظ برتا جاتا ہے
”چٹھی نہ کوئی سندیس
جانے وہ کون سا دیس
جہاں تم چلے گئے“

٭سندیسہ
جی بالکل چِٹھی بتاتے ہوئے، یکایک خط کا ایک اور مترادف لفظ ہمیں یاد آگیا، سندیس۔ اس کے لفظی معنی پیغام کے ہیں، لیکن یہ بھی خط کے معنوں میں بہت استعمال ہوتا ہے۔

ہمیں امید ہے کہ ہماری اس تحریر سے آپ کو خط کے مزید چھے مترادف یا ہم معنی الفاظ معلوم چلے گئے ہوں گے، اور اب آپ جب بھی خط کے حوالے سے کوئی بات لکھیں گے تو اس میں تکراف سے بچنے کے لیے ان لفظوں کے ذریعے اپنی تحریر کو خوب صورت بنائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *