سمے وار (خصوصی رپورٹ)
کراچی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے اپنے سیاسی کارکنوں اور راہ نمائوں کے نام پر قومی تنصیبات کے نام رکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پہلے ہی شاہ راہ فیصل پر مہران ہوٹل انڈر پاس کو نصرت بھٹو انڈر پاس، شاہ راہ فیصل ہی پر فوزیہ وہاب فلائی اوور اور منور سہروردی انڈر پاس کے نام دیے جاچکے ہیں۔
اس کے بعد پیپلزپارٹی کے سندھ کے وزیر سعید غنی خاصخیلی کے مقتول والد عثمان غنی خاصخیلی کے نام پر ایک اور بڑے پل کا نام رکھ دیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق یہ پل چند ماہ قبل تعمیر کیا گیا، اسے کوئی نام نہیں دیا گیا تھا، لیکن جیسے ملیر ایکسپریس وے کو آخری لمحات میں شاہ راہ بھٹو کردیا گیا، ایسے ہی تازہ ورادات ڈالی گئی ہے اور کورنگی کے علاقے میں ندی پر قیوم آباد اور کورنگی کو ملانے والے پل کو ’عثمان غنی فلائی اوور‘ کا نام دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے عثمان غنی کو 1990 کی دہائی میں کراچی میں نامعلوم ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا، جس کے بعد سعید غنی خاصخیلی اور ان کے بھائی فرحان غنی خاصخیلی پیپلزپارٹی میں سرگرم ہیں، سعید غنی اس بار بھی صوبائی وزیر کے طور پر موجود ہیں، جب کہ ان کے بھائی کو چینسر گوٹھ کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ سعید غنی خاصخیلی اس بار بھی صوبائی حکومت میں ایک مرکزی وزارت پر برا جمان ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے کورنگی کے اس طویل پل کو اپنے والد کے نام منسوب کروایا لیا ہے، یا پھر پارٹی نے ازخود ایسا کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ انڈر پاس، پل اور ایکسپریس وے پیپلزپارٹی کے خزانے سے نہیں قومی خزانے سے تعمیر ہوتے ہیں۔ اس پر نام بھی قومی راہ نمائوں کا ہونا چاہیے۔ نہ کہ متنازع سیاسی راہ نمائوں کے نام ان پر رکھے جانے چاہئیں۔ واضح رہے حال ہی میں ضلع وسطی میں جماعت اسلامی کے مقتول تائون ناظم لیاقت آباد ڈاکٹر پرویز محمود کے نام پر بھی ایک پل کیا گیا ہے، جسے مرتضیٰ وہاب کی پوری آشیرباد حاصل تھی اور جماعت کے حلقوں نے اس پر بہت مسرت کا اظہار کیا تھا۔ اسی طرح متحدہ کی جانب سے بھی الطاف حسین کے بھائی ناصر حسین کے نام سے منسوب پارک قائم کیا گیا تھا۔
Categories
خزانہ قومی، نام اپنے سیاسی کارکنوں کے!
