سمے وار (خصوصی رپورٹ)
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 1973ء کے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کا آئین 10 اپریل 1973ء کو منظور کیا گیا تھا۔ 2023ء اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت سے 50 روپے کا یادگاری سکہ 14 اپریل 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔
سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا ( تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد) پرمشتمل ہے۔
50 روپے کے یادگاری سکے کے دھاتی اجزا، شکل ، سمت اور ڈیزائن درج ذیل ہیں:
سامنے کا رخ
سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ’’ اسلامی جمہوریہ پاکستان ‘‘ کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت ’50‘ابھرے ہوئے اعداد میں اور ’روپیہ ‘ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔
پچھلا رخ
سکے کی پچھلی طرف اور مرکز میں’ آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے عنوان سے کتاب کی تصویر انگریزی اسکرپٹ کے ساتھ دکھائی گئی ہے۔ اس تصویر کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو میں ’’ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی ‘‘ کے الفاظ درج ہیں۔ تصویر کے نیچے ’’1973-2023‘‘ اعداد میں سکے کے دائرے کے ساتھ درج ہے جو گولڈن جوبلی تقریبات کی مدت کو ظاہر کرتاہے۔ فنکارانہ عددی الفاظ میں ’50‘ اور اردو میں لفظ ’سال‘ بالترتیب سکے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر ہیں۔