Categories
انکشاف

گھر ٹھیک نہیں ہوسکتا، گھرہی چھوڑدو!

(تحریر :سعد احمد)
کراچی کے معروف ‘ولاگر’ قطیبہ محمود نے اپنے حالیہ دورہ لاہور کے دوران وہاں سے اپنے ایک وی لاگ میں اہل کراچی کو اسلام آباد، لاہور یا پنجاب کے دیگر شہروں میں منتقل ہونے کا مشورہ دے ڈالا۔
انھوں نے کہا کہ وہ ماضی میں کراچی کے حقوق اور کراچی کے حالات کی بہتری کے لیے بہت زیادہ بولتے رہے ہیں، جس کے نتائج انھوں نے بھگتے، لیکن اب انھیں یہ بات سمجھ میں آگئی ہے کہ کراچی کی صورت حال بہتر نہیں ہوگی، اس لیے بولنا چھوڑ دیا ہے۔ اب لاہور آیا ہوں تو بہت کھلے دل سے یہ ویلاگ بنا رہا ہوں اور یہاں کی پانی، بجلی، گیس اور سڑکوں سے لے کر ٹرانسپورٹ تک کی بہترین صورت حال دیکھ کر کراچی والوں سے یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ اگر ڈمپر اور ٹینکروں کے نیچے آکر کچلنا نہیں چاہتے، ڈکیتوں کے ہاتھوں لٹنا اور گولیاں کھانا نہیں چاہتے، اپنی بہن بیٹیوں کو چنگچی رکشوں کے سلینڈر پر سفر کرنے کے بہ جائے جدید اور سستی ٹرانسپورٹ دینا چاہتے ہیں تو بے شک ملک سے باہر نہ جا پائیں لیکن پنجاب کے کسی شہر آجائیں یہاں کم سے کم انھیں کراچی سے بدرجہا بہتر سہولتیں مل سکیں گی۔
یہاں تعصب بھی نہیں ہے، لوگ کھلے دل کے ہیں، ہلکے پھلکے اخلاقی مسائل تو پاکستان میں ہر جگہ ہی ہیں، لیکن مجموعی طور پر کراچی کو جس طرح کھنڈر بنا دیا گیا ہے اور جو حالت ہے کہ بہتری کی کوئی راہ دکھائی نہیں دے رہی۔ اس لیے بہتر ہے کہ کراچی چھوڑیے اور اسلام آباد کے اخراجات نہیں اٹھا سکتے تو لاہور اور اگر یہاں بھی نہیں تو فیصل آباد یا اور کسی شہر چلے جائیے، وہاں آپ کو کراچی سے بہتر سہولتیں مل سکیں گی۔
قطیبہ ماضی میں ایم کیو ایم کے حامی کے طور پر جانے جاتے رہے ہیں، اور بیرون ملک قیام کے دوران انھوں نے بڑی شدومد سے بانی متحدہ الطاف حسین کی حمایت بھی کی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کا سوفٹ وئیر ضرور اپڈیٹ ہوا ہے، لیکن یہ حقیقت ہے، اپنی زندگی بہتر کیجیے، بولنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اب کراچی اور لاہور کا کوئی موازنہ نہیں ہے، کراچی تباہی کے مراحل طے کر رہا ہے اور لاہور اور پنجاب بہت تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، کم سے کم بنیادی سہولتیں یہاں کراچی سے بہت بہتر ہیں۔
سوشل میڈیا پر قطیبہ محمود کے اس ویلاگ پر بہت سے لوگ تنقید بھی کر رہے ہیں اور اسے مایوسی پھیلانے کا ذریعہ اور فرار کی راہ کہہ رہے ہیں کہ اس طرح وہ ظالموں کی جانب سے کراچی پر غیر مقامیوں کے قبضے کا بیانیہ بنا رہے ہیں، کراچی میں مہاجروں نے بڑی مشکل سے اپنی جڑیں بنائی تھیں، اب اسے اکھاڑںے کے لیے ایسی مایوسی غلط ہے، یعنی آپ اپنے گھر کو ٹھیک کرنے کے بہ جائے گھر ہی سے باہر نکل جائیں!
۔
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں،
آپ اپنے بلاگز samywar.com@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights