سمے وار (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گذشتہ دنوں گورنر ہاﺅس میں منعقدہ ایک تقریب میں ’مہاجر قومی موومنٹ‘ کے چیئرمین آفاق احمد کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آفاق احمد کو تو مجھے مبارک باد دینی چاہیے تھی کہ اقتدار کے ایوانوں میں مہاجر شناخت اپنائی جا رہی ہے، اور مہاجر یوم ثقافت منایا جا رہا ہے، لیکن انھوں نے اس پر تنقید کی۔ کامران ٹیسوری نے تقریر کے دوران خوش گوار انداز میں اپنے عملے کو ہدایت دی کہ وہ آفاق احمد کو پندرہ کلو جلیبی بھجوائیں۔ گورنر کامران ٹیسوری نے آفاق احمد کے اس دعوے کی بھی تردیدی کی کہ انھوں نے آفاق احمد کو ’متحدہ قومی موومنٹ‘ کا چیئرمین بننے کی پیش کش کی تھی، انھوں نے کہا کہ میں نے آفاق بھائی سے صرف یہ کہا تھا کہ آئیے اتحاد کا حصہ بنیے۔ کامران ٹیسوری نے متحدہ کے قائد الطاف حسین کی سیاست کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ ”الطاف حسین بھائی کا مسئلہ ریاست سے ہے، سیاست سے نہیں۔ جس دن ریاست فیصلہ کرے گی، ہم اس دن کا انتظار کریں گے۔ ہم یہاں ریاست کے اصولوں پر چل رہے ہیں۔“ واضح رہے کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے گذشتہ دنوں اربن گریجویٹ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انھیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا تھا کہ متحدہ سنبھالیے، جس پر اب کامران ٹیسوری نے ردعمل دیا۔
Categories
کامران ٹیسوری نے الطاف حسین کو بھائی کہہ کر مخاطب کیا
