سمے وار (خصوصی رپورٹ)
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اردو کو دنیا کی ساتویں بڑی زبان قرار دیا گیا ہے، جب کہ ہندی کو دنیا کی تیسری سب سے زیادہ بولے جانے والی زبان کہا ہے، یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب بولنے کی بات ہے تو کیسے تعین ہوگا کہ اردو بولی جا رہی ہے کہ ہندی؟
اگر اردو اور ہندی بولنے والے جمع کیے جائیں تو یہ تعداد 833 ملین بن جاتی ہے، جس سے یہ زبان (اردو یا ہندی) یک ساں طور پر تیسری بڑی زبان قرار پائے گی۔
دنیا کی دس بڑی زبانوں کی فہرست کچھ یوں بنی ہے:۔
1۔ دنیا بھر میں انگریزی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے جسے 142.5 کروڑ افراد بولتے ہیں۔ یہ دنیا کے 67 ممالک اور کئی بڑی بین الاقوامی تنظیموں کی سرکاری زبان ہے۔ انٹرنیٹ بھی 55 فی صد صرف انگریزی میں ہے ، یہ سب سے زیادہ پڑھی جانے والی زبان بھی ہے۔
2۔ چینی زبان کا دوسرا نمبر ہے، جسے 1.119 ارب افراد چین کے مختلف علاقوں میں بولتے ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ سنگاپور اور تائیوان کی بھی سرکاری زبان قرار پاتی ہے۔ چین میں دوسری زبانیں بھی بولی جاتی ہیں لیکن چینی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے
3۔ ہندی کو تیسرا نمبر ملا جس کے بولنے والوں کی تعداد 602 ملین ہے، ہندوستان دنیا کا ایسا واحد ملک ہے جس کی 22 مختلف زبانیں ہیں اس لیے ہر بھارتی شہری سرکاری زبان ہندی نہیں بولتا۔ آپ شاید یہ نہ جانتے ہوں کہ ہندی زبان ملک فجی کی بھی سرکاری زبان ہے اور اس کے علاوہ کچھ کیریبین ممالک میں بھی ہندی زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے۔
4۔ 559 ملین افراد کی ہسپانوی چوتھے پر ہے اور یہ 21 ملکوں کی سرکاری زبان بھی ہے۔ دنیا بھر کے 20 ممالک کی یہ سرکاری زبان ہے، جب کہ امریکا میں ہسپانوی دوسری سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان بنتی ہے، وہاں پر تقریباً 40 ملین لوگ ہسپانوی زبان بولتے ہیں۔
5۔ عربی زبان بولنے والوں کی تعداد 274 ملین سے زائد بتائی جاتی ہے۔ یہ 26 ممالک کی سرکاری زبان ہے لیکن بہت سے ممالک اور خطوں میں الگ الگ لہجے میں عربی بولی جاتی ہے۔
6۔ فرانسیسی بولنے والوں کی تعداد 274 ملین ہے، یہ دنیا بھر کے 29 ممالک اور خطوں کی سرکاری زبان ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فرانسیسی الفاظ کا انگریزی زبان کی طرح کئی دوسری زبانوں پر بھی زبردست اثر ہے جبکہ انگریزی میں تقریباً 40 فی صد الفاظ فرانسیسی زبان سے اخذ کیے گئے ہیں۔
7۔ بنگالی273 ملین افراد کے ساتھ ساتویں پر ہے۔ یہ بنگلا دیش کی سرکاری زبان ہونے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی ریاست مغربی بنگال کی بھی سرکاری زبان ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں بھی بہت بڑی تعداد میں بنگالی بولنے والے رہتے ہیں۔
8۔ روسی 258 ملین سے زائد ہے، یہ روس کے ساتھ ساتھ بیلاروس، قازقستان اور کرغیزستان جیسے ممالک کی بھی سرکاری زبان ہے ۔ زبان کے ماہرین روسی زبان کو دنیا کی سب سے امیر اور پیچیدہ زبان قرار دیتے ہیں۔ روسی زبان کے تمام الفاظ جو (A) سے شروع ہوتے ہیں دوسری زبانوں سے آئے ہوئے ہیں۔
9۔ پرتگالی زبان بولنے والوں کی تعداد بھی 258 ملین سے زائد ہے۔
10۔ دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں کی فہرست میں اردو کا دسواں نمبر ہے جس کے دنیا بھر میں بولنے والوں کی تعداد 231 ملین ہے۔ پاکستان کی یہ سرکاری زبان ہے۔ اردو بھارت میں بولی جانے والی دوسری معیاری زبان بھی ہے، کیوں کہ ہندی بول چال میں اردو جیسی ہی ہے