Categories
Exclusive Karachi MQM PPP ایم کیو ایم پیپلز پارٹی سندھ قومی سیاست کراچی مہاجرقوم

اپنی سابقہ جماعت پر گولا باری: تحسین عابدی شدید تنقید کی زد میں!

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
ابھی “حکومت سندھ” کی ترجمانی کی مسند ملے ہوئے دوہفتے بھی نہ ہوئے تھے کہ انھیں اپنی دیرینہ سیاسی جماعت کے اِس وقت کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو جواب دینے کے لیے میدان میں اتار دیا گیا۔
یہ ذکر ہے سیدہ تحسین عابدی کا، جو اپنے اس وقت کے چیئرمین بلاول زرداری کے دفاع کے لیے صف اول میں بھیج دی گئی ہیں اور وہ جیسے تیسے سخت الفاظ کے ساتھ گولے بنا بنا کر اپنے سابقہ کیمپ کی طرف اچھال رہی ہیں۔
پیپلزپارٹی والے اس سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں، انھوں نے ایم کیو ایم (بہادر آباد) کے تابڑ توڑ حملوں کے جواب میں انھی کے توڑے ہوئے لوگوں کو آڑ بنا لیا، دوسری طرف تحسین عابدی کے لیے لکھے اور پڑھے ہوئے بیان کو پڑھتے ہوئے ویڈیو بنانے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، سوشل میڈیا صارفین سوال کر رہے ہیں کہ انھوں نے اپنے بھائی کی قربانی میں بھلا دی اور خود مہاجروں کی دیرینہ دشمن جماعت میں بیٹھ کر اپنے ہی قبیلے پر تیر برسانے شروع کردیے۔۔
بہت سے لوگوں نے تحسین عابدی کے ساتھ کراچی آنے والی سیاہ فام امریکی خاتون اونیجا سے موازنہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چہرہ نہیں کردار اجلا ہونا چاہیے، واضح رہے کہ کراچی کے نوجوان سے دوستی کے چکر میں کراچی آنے والی امریکی خاتون نے یہ کہا تھا کہ کراچی میں سڑکیں اور شہر کی حالت درست کرنے کے لیے پیسہ چاہیے۔ جب کہ تحسین عابدی 1990 کی دہائی کے الزامات ایم کیو ایم پر عائد کرتے ہوئے اس پر ساری قتل وغارت گری کی ذمہ داری عائد کر رہی ہیں۔
جہاں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے بعد پیپلزپارٹی کے دیگر راہ نما بھی ایم کیو ایم کی سیاست کو مردہ اور اس تنقید کو سیاست چمکانا قرار دے رہے ہیں، وہیں ایک پی پی رکن نے ایم کیو ایم کو مہاجروں تک محدود قرار دیا، حالاں کہ نبیل گبول (سابق رکن قومی اسمبلی)، نثار پنہو(سابق رکن قومی اسمبلی)، بیرسٹر سیف(سابق آرگنائزر خیبر پختونخوا)، ہیر سوہو (سابق رکن صوبائی اسمبلی)، اے کے بروہی (سابق سینٹیر)، سابق سنیٹیر عتیق میاں (آرگنائزر صوبہ پنجاب) وغیرہ کو فراموش کرگئے، جنھیں مہاجروں کے ووٹوں سے عہدے دیے گئے بلکہ پارٹی کے اندر بھی کلیدی مقام دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights