Categories
Karachi ڈاکٹر شاہد ناصر سمے وار بلاگ سندھ قومی سیاست کراچی مہاجرقوم

جس دن کراچی والا جاگا، اگلے دن حق مل جائے گا

(تحریر : ڈاکٹر شاہد ناصر)
کراچی کا اصل مسئلہ کراچی والوں کی بے حسی ہے، اس بے حسی میں، میں اور آپ دونوں شامل ہیں۔
ذلت، شکست اور ناکامی کوئی بڑی بات نہیں ہوتی کہ اگر آپ کو احساس ہو کہ یہ غلط ہو رہا ہے، اسے ٹھیک ہونا چاہیے، ہم کراچی والے بھی اتنی ذلتوں کے بعد بھی آج اس بات پر متفق نہیں ہیں کہ ہمارے ساتھ سندھ اور اسلام ۤآباد مشترکہ طور پر غلط کر رہے ہیں۔ ہمارے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے!
یہی وجہ ہے کہ ہم پر مسلط لوگ ہمیں تمھاری فلاں سیاسی جماعت نے کیا دیا؟ فلاں جماعت تشدد کرتی تھی، بھتے لیتی تھی وغیرہ پر لگایا ہوا ہے۔ بھئی کرتی تھی نہیں کرتی تھی، ہم دیکھ لیں گے، اس وقت تم ہمارے شہر میں ہمارے ہی سر پر کیوں سوار ہو رہے ہو؟ اصل سوال یہ ہے!
لیکن ہم کراچی والے مختلف سیاسی جماعتوں کے پیچھے بدھو بن رہے ہیں، ایسی سیاسی جماعتیں جنھوں نے کبھی یہ نہیں مانا کہ کراچی، کراچی والوں کا ہے۔ جیسے سندھ سندھیوں کا، پنجاب پنجابیوں کا، بلوچستان بلوچوں کا، پختونخوا پختونوں کا۔ ایسے ہی کراچی مہاجروں کا ہے۔ ہم نہیں کہتے کہ ہم دوسروں کو کراچی سے نکال دینا چاہتے ہیں، لیکن ہم یہ بھی تسلیم نہیں کرتے کہ ہمارے وسائل پر قبضہ کرکے ہمیں ہی ذلیل کیا جائے!
ہم کب یہ فیصلہ کریں گے کہ اس شہر کی قسمت کے فیصلے ہم کراچی والے ہی کریں گے، کوئی غیر مقامی نہیں کرے گا!
ہمیں چاروں قوموں کی طرح برابر کا شہری سمجھا جائے گا
ہم صرف اسی سیاسی قوت کے ساتھ ہوں گے جو کھل کر کراچی والوں کے حق اور ان کی شناخت کو تسلیم کرے گا نہ کہ ماضی کے رونے گانوں میں لگا کر ہمارے شہر میں ہمیں ہی ذلیل کرنے کی طرف داری کرے گا۔
کراچی والوں فیصلہ کیجیے ذلت یا عزت؟
جس دن آپ جاگ گئے، آپ متحد ہوگئے، اس کے اگلے دن آپ اپنے وسائل، اپنی گلی اور اپنے شہر کے مالک ہوں گے!
مگر سوال تو یہ ہے کہ کیا آپ کو اپنی ذلت کا احساس ہے؟ کیا آپ دیکھ رہے ہیں آپ کے اپنے شہر میں آپ کے ساتھ کیا کچھ کیا جا رہا ہے؟

(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights