سمے وار (خصوصی رپورٹ)
گذشتہ دنوں بحریہ ٹائون کراچی میں معمولی تلخ کلامی پر بااثر افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان جزلان کے حوالے سے خدا خدا کرکے خبریں ہمارے چینلوں اور اخبارات کی زینت تو بن رہی ہیں، لیکن حالت یہ ہے کہ بڑے بڑے چینل تک ’بحریہ ٹائون‘ کا نام نہیں لے رہے اور اسے سپر ہائی وے کی ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی کہہ کر خبریں پیش کر رہے ہیں، جو نہایت افسوس ناک رویہ ہے۔ ہر چند کے سارے میڈیا پر بحریہ ٹائون کے ملک ریاض کا طوطی بولتا ہے، لیکن اب ایک واقعہ اگر بحریہ ٹائون میں پیش آیا ہے تو غیر ضروری طور پر اس کا نام نہ لینا نام نہاد آزادی اظہار کے نعرے لگانے والوں کے دہرے معیار کو عیاں کر رہا ہے۔
اس موقعے پر جون ایلیا کا مشہور قطعہ یاد آتا ہے؎
شرم، دہشت، جھجھک، پریشانی
ناز سے کام کیوں نہیں لیتیں
وہ، جی، مگر، ’یہ سب کیا ہے؟‘
تم میرا نام کیوں نہیں لیتیں؟