سمے وار (مانیٹرنگ ڈیسک)
متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر اور الطاف حسین کے پولیٹکل سیکریٹری ندیم نصرت نے کہا ہے کہ ان کا تجزیہ ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے لسانی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر تحریک چلانی چاہیے، جس میں مہاجر کی جگہ ہم کراچی والے کی بات کریں، کیوں کہ ایک بہت بڑی تعداد میں غیر مہاجر بھی اب کراچی کا حصہ ہیں اور ان کا جینا مرنا یہاں ہے۔ وہ بھی عام مہاجر کی طرح ان مسائل سے دوچار ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ لسانی جدوجہد کی جگہ کراچی کے انتظامی حقوق کے لیے کھڑا ہوا جائے۔ ذاتی طور پر میں اب بھی خود کو مہاجر شناخت کے ساتھ جوڑے ہوئے ہوں اور سب مہاجر جوڑ سکتے ہیں، لیکن حقوق کی جدوجہد کی شکل اب لسانی ہو تو کام یابی نہیں ہوگی۔
ندیم نصرت نے فیصل حسین کو دیے گئے آن لائن انٹرویو میں مزید بتایا کہ الطاف حسین کی سیاست پر پابندی کے بعد کئی مرتبہ اسٹیبلشمنٹ سے معاملات طے کرنے کی کوششیں ہوئیں، جو بہت اچھی طرح آگے بھی بڑھتیں، لیکن اس میں ہر بار کسی نہ کسی وجہ سے کوئی تعطل آجاتا اور پھر بات بنتے بنتے بگڑ جاتی۔ ان کا کہنا تھا 2016 میں الطاف حسین پر پابندی لگنے کے بعد کئی مرتبہ کوشش کی گئی کہ صورت حال بہتر ہو، لیکن بدقسمتی سے کوئی حل نہ نکل سکا، کبھی اس کی وجہ کوئی سخت بیان ہوتا، کبھی کوئی لاش مل جاتی، جس کے بعد ساری کوششیں ایک بار پھر صفر ہوجاتیں۔ سخت بیانات کے حوالے سے کافی شکایت ہوتی تھی کہ تیز رفتار نیٹ کی وجہ سے اب ہر جگہ بات پھیل جاتی ہے اور یہ مورال ڈائون کرتی ہے، جس کی اب گنجائش نہیں دی جاسکتی۔
Categories
الطاف حسین کو سیاست کی اجازت کیوں نہیں مل رہی؟
