سمے وار (تحریر: رضوان طاہر مبین)
ہماری کالونی کی قدیمی راشن شاپ جو کہ بھائی یوسف کی ہوتی تھی، اسی اعتبار سے وہ پھر ’یوسف راشن والے‘ بھی کہلائے۔ وقت بدلا یوسف راشن والے نہ رہے، ان کی اولاد میں ترکہ بٹا تو بڑے بیٹے بھائی زکی نے کمال سمجھ داری سے ان کی مسند سنبھال لی۔۔۔ پھر ظاہر ہے دکان پر ’زکی اسٹور‘ کا نام آویزاں ہوگیا، لیکن ساری دنیا اُسے اب بھی یوسف راشن والوں کی دکان ہی کہتی تھی۔
بھائی زکی کی شخصیت بھی اپنے آپ میں ایک انفرادیت رکھتی تھی، اس سے پہلے ذکر ان کی ایمان داری، اصول پسندی اور کھرے ہونے کا۔ انھوں نے اپنے والد بھائی یوسف راشن والوں کے اس تَرکے کو بھی پورے سلیقے سے سنبھالا کہ اس کی مثال دی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شاید ہی کوئی والد کے زمانے کا گاہک اُن سے چھُوٹا ہو۔

اب ذکی بھائی زکی (مرحوم) کی منفرد شخصیت سے ملیے۔۔۔ تصنع اور بناوٹ سے بہت ہی پرے۔ دکان کے کائونٹر پر وہ نہایت ہی سنجیدہ بلکہ برہمی کی حد تک سنجیدہ رہتے تھے۔۔۔ آواز اور بدن بولی سے یوں معلوم ہوتا کہ نہایت ہی مشتعل اور شدید غصے میں ہیں۔۔۔ اونچی اور سخت آواز میں بات کرتے۔ ان کی بدن بولی سے بھی پتا چل رہا ہوتا کہ ان کا پارا بہت زیادہ بلند ہے۔ کہیں وہ کسی کے چانٹا وانٹا نہ رسید کر دیں، پرانے وقتوں کے بٹے ترازو پر پٹخ پٹخ کر رکھتے، تو دال، چاول اور دھنیا مرچوں وغیرہ کے لوازمات بھی لا کر یوں تولتے جیسے انھیں کسی بات پر بہت شدید قسم کا غصہ آرہا ہے۔ چہرے کے تنے ہوئے عضلات اس کی گواہی دیتے تو آنکھیں بھی اس کی بھرپور تائید کرتیں۔ قسم لے لیجیے کہ کبھی انھیں دکان کے اندر ہلکا سا بھی مسکراتے ہوئے دیکھا گیا ہو۔ وہ جو لوگ کہتے ہیں کہ اگر آپ مسکرانا نہیں جانتے، تو دکان داری نہ کیجیے۔ بھائی زکی نے اسے بھرپور طریقے سے غلط ثابت کر دکھایا تھا۔ گاہکوں سے نہایت سپاٹ، درشت اور اونچے سُروں میں بات کرتے، پیسوں کا بقایا بھی ایسے لوٹاتے کہ بس نہ ہی پوچھیے، لیکن اس کے باوجود محلے تو محلے قرب وجوار سے لے کر کافی دور تلک کے لوگ ان کے پاس کھچے چلے آتے تھے۔ کوئی بھی ان کے رویے کا برا نہیں مانتا تھا، سب کو پتا ہوتا تھا کہ یہ مزاج بھائی زکی کی شخصیت کا خاصہ ہے۔ اس برہم لہجے کے باوجود وہ ہر چیز اچھی اور معیاری دیں گے، ناپ تول میں کبھی کوئی ڈنڈی نہیں ماریں گے، جھوٹ تو وہ کبھی بول ہی نہیں سکتے، اور تو اور منافع بھی نہایت واجبی اور بہت ضروری لیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ سارے محلے میں ان کے نرخ سب سے کم ہوتے۔ اتنے کم کہ تھوک کے بھائو سے مقابلہ کر لیجیے۔
کبھی سودا تولتے ہوئے کسی بات پر اپنی اونچی آواز میں حالات حاضرہ پر کھرے تبصرے بھی کر دیتے کہ باپ کے کہنے سے جھاڑو نہیں اٹھائیں گے، لیکن ان کے لیڈر نے کہا تو جھاڑو لگانے لگے۔ کبھی دکان کی کسی چیز کے بھائو بڑھنے اور معیار خراب ہونے پر اسی لب و لہجے میں گاہک کو آگاہی دیتے کہ یہ معاملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بھائی سلطان کی دکان:
https://samywar.com/archives/1977
ان کے دکان کھولنے کا اپنا سخت اصول جو ان کے بعد آج تک رائج ہے کہ صبح سویرے شٹر اٹھ جائے گا، تو مغرب ہوتے ہی دکان بند ہو جائے گی۔ چاہے سورج ساڑھے پانچ بجے ہی کیوں نہ غروب ہو! وہ جو کہتے ہیں کہ نصیب کا گاہک کہیں نہیں جائے گا، وہ اس کی عملی تفسیر تھے اور اس پر عمل کر کے دکھا رہے تھے۔
ہمیں کچھ وقت ان کے دکان کے ہم سائے میں رہنے کا اتفاق ہوا، تو پہلی بار ان کو مسکراتے ہوئے دیکھا، دکان بند ہونے کے ساتھ شاید وہ اپنے سارے غصے کو بھی دکان کے اندر تالا مار دیتے تھے۔ کبھی اپنے ملازموں سے کچھ شوخی کر رہے ہیں، تو کبھی ہماری دکان پر آکر کچھ بات کی تو تبسم فرمایا، اتنا زیادہ کہ ان کے چمکتی ہوئی مصنوعی داڑھ نمایاں ہوگئی۔ یہ ہماری زندگی کا کس قدر حیران کُن اور تاریخی منظر تھا بلکہ ناقابل تصور کہنا چاہیے کہ بھائی زکی ہنس رہے ہیں!
یہ بھی پڑھیے: چاند لائبریری کا چاند بھی ڈوب گیا:
https://samywar.com/archives/2016
پھر یوں ہوا کہ عمر کے ساتھ بھائی زکی کی صحت گرتی چلی گئی اور وہ آخری کے چند برس مسجد اور گھر تک محدود ہوگئے اور ایک دن اللہ کو پیارے ہوگئے۔ بھائی زکی چلے گئے، لیکن ’راشن والوں کی دکان‘ ویسے ہی آگے بڑھتی رہی جیسے بھائی زکی کے سامنے تھی۔ وجہ یہ تھی کہ ان کے محنتی اور جفاکش نوجوان صاحب زادے فیصل زکی نے بھی وہی اصول اور طریقے برقرار رکھے، جو ان کے والد کا خاصہ تھے۔ سنجیدہ تو وہ بھی رہتے تھے، لیکن برہمی کے علاوہ ان میں بھائی زکی کی تقریباً ساری خصوصیات موجود تھیں۔ تاہم فیصل بھائی نے اپنے کام میں شراکت کا ڈول ڈالا، اور ایک تاجر کو اپنے ساتھ ساجھے دار کیا۔ لیکن کام کا معیار اور اصول وضابطوں پر ذرا سا بھی کوئی اثر نہ پڑا، کچھ عرصے یہ سلسلہ چلا، اس کے بعد اپنے عم زاد (چچا زاد) بھائی مسعود اختر کو ان کی جگہ کاروبار میں شریک کر لیا، یہ صرف ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے تھا، دکان بدستور انھی بنیادوں پر استوار تھی، اور دونوں میں بہت اچھی ہم آہنگی دیکھی جاتی تھی۔

پھر اچانک اتوار 22 نومبر 2026 کو علی الصبح کالونی بھر میں یہ خبر بجلی بن کر گری کہ فیصل زکی کا انتقال ہو گیا!
یہ ایک نہایت ہلا دینے والی خبر تھی، جس کو دیکھیے وہ کلیجا تھامے اسی پر افسوس کر رہا ہے، زندگی کی بے ثباتی پر بات کر رہا ہے۔ کل ہی تو معمول کے مطابق دکان بند کرکے گئے ہیں۔ نہ کوئی عمر زیادہ اور نہ صحت کا کوئی ایسا سنگین مسئلہ، سب نے دیکھا رات کو بائیک پر آئے، محلے ہی کی بڑی مسجد میں نماز عشا ادا کی اور اپنے گھر روانہ ہوگئے۔ اگلے دن صبح دل کا جان لیوا دورہ پڑا اور فیصل زکی اپنے رب کے حضور پیش ہو گئے۔
ہم نے ان کے دادا کا زمانہ تو نہیں دیکھا، لیکن بھائی زکی کے بعد بھائی فیصل زکی کو ضرور دیکھا۔ اگرچہ فیصل بھائی سے کوئی بہت قریبی تعلق کبھی نہیں رہا، لیکن ایک قدیمی محلے دار کی حیثیت سے ایک مشاہدہ تو تھا۔ ان سے بعض امور پر ایک سے زائد مکالمے اختلافی امور پر بھی رہے، لیکن فیصل بھائی اپنے فہم اور خیال کے مطابق ایک نہایت مخلص اور جاں نثار آدمی تھے، دنیا داری کے ساتھ نظریاتی زندگی کے لیے بھی ان کی اپنی ایک پختہ جدوجہد رہی اور یہ آخر تک جاری تھی۔ ان کی شخصیت کا اپنا ایک بلند کردار تھا جو تیسری پشت پر وہ بہت خوبی سے سنبھالے ہوئے تھے اور اب ان کے صاحب زادے صالح فیصل بھی کاونٹر پر دکھائی دینے لگے تھے۔ اس اعتبار سے یہ کالونی کی وہ واحد دکان بن چکی تھی کہ جس پر ماشااللہ چوتھی پشت اپنے پردادا کا کام سنبھال رہی تھی، ورنہ تیسری پشت والے تو کئی دکھائی دے جاتے ہیں، کئی ایسی مثالیں بھی ہیں کہ جمے جمائے کاروبار بوجوہ ختم ہوگئے، یا ان کی خود ہی دل چسپی ختم ہوگئی اور انھوں نے ازخود ہی دکان بند کر دی، ٹھیکے پر دے دی یا فروخت ہی کر دی، لیکن یہ یوسف راشن والوں کی دکان کی ایک اور انفرادیت تھی۔

بھائی فیصل زکی حساب کتاب کے معاملے میں کسی سپر کمپیوٹر کی طرح تھے۔ ایک کریانے کی دکان پر سیکڑوں اقسام کے اجناس ہوتے ہیں، ان کے اترتے چڑھتے بھائو اور ان کے پائو، آدھاپائو چھٹانک، 100 گرام، کلو، پانچ کلو، دس کلو وغیرہ جیسی مقدار کے حساب سے مائیکرو سیکنڈ میں پیسے لکھتے چلے جاتے۔ کھٹا کھٹ کھٹا کھٹ ’’اور بولو، اور بولو، اور بولو!‘‘ کرتے اور ’’بس بھئی‘‘ کے بعد چٹکی بجاتے ہیں ہزاروں روپے کا حساب بنا کر جھٹ سے پرچا گاہک کے حوالے کر دیتے، اگرچہ وہ اس کے بعد احتیاطاً کیکولیٹر سے بھی دوبارہ حساب دیکھ لیتے، لیکن شاید ہی کبھی ان سے غلطی ہوتی ہوگی۔ ایمان داری تو خیر ان کے ہاں کی بنیاد تھی ہی، لیکن ایک ذاتی واقعہ بھی پڑھیے کہ ایک مرتبہ ایسا ہوا کہ ہمارے ہاں آٹے میں کوئی تین چار سو گرام کا بٹا بھی آگیا، تو جب ہم وہ واپس کرنے گئے تو فیصل بھائی نے بہت شکریہ ادا کیا اور آواز دی ایک منٹ ٹھیرے۔۔ اور اس وزن کا مٹھی بھر آٹا تول کر ہمارے حوالے کر دیا۔ یہ معمولی سی بات ہے، لیکن وہی کرسکتا ہے کہ جس کی گھٹی میں حلال وحرام اور جائز وناجائز گھول کر پلا دیا گیا ہو۔
بھائی فیصل زکی کی ایک اور خوبی ان کی جلد بازی بھی تھی، بہت جلدی جلدی سارا حساب کرتے اور سودا اور حساب کتاب کر کے حساب کا رقعہ اور بقایا پیسے گاہک کو تھماتے اور ایک مخصوص جملہ کہتے ’’آپ کا کام ختم ہوگیا!‘‘ اور جب ہم نے فیصل زکی بھائی کی اندوہ ناک موت کی اطلاع سنی تو ایسا لگا کہ شاید وہ جلدی جلدی سب کام کرتے کرتے اسی جلدی میں اس دنیا سے کوچ کر گئے، یہ جملہ کیسا معنی خیز ہو گیا کہ شاید ملک الموت نے بھی آکر ان سے کہا ہوگا ’’آپ کا کام ختم ہوگیا۔‘‘ بالکل ایسے ہی عمر کی قید سے بے نیاز ہم میں سے کسی کا کچھ بھی نہیں پتا کہ کب عالم بَرزخ سے بلاوا آجائے اور موت کے فرشتے کی آواز سنائی دے کہ چلیے واپس کیوں کہ ’’آپ کا کام ختم ہوگیا!‘‘
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
۔
اشتہارات کے لیے ’سمے وار‘ کی حیران کن پیش کش سے بھی فائدہ اٹھائیے ابھی رابطہ کیجیے samywar.com@gmail.com
