سمے وار (خصوصی رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)
کیا گذشتہ دنوں عہدہ سنبھالنے والے وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر وسیم قاضی بھی توہین عدالت کے راستے پر گامزن ہو رہے ہیں؟
واضح رہے ان کے پیش رو ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو 2022 میں ایک مرتبہ توہین عدالت کے نتیجے میں عدالتی حکم سے اپنے عہدے سے برخاست کیا جا چکا ہے، لیکن اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی آشیرباد سے انھیں دوبارہ اسی عہدے پر فائز کر دیا گیا تھا، اس کے بعد بھی متعدد بار ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوتے ہوتے بچی ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی کے تنازعات سے بھرا ہوا دور اختتام پذیر ہوا تو نو منتخب وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی سے بہت سی امیدیں وابستہ ہوئیں، جس میں سے بہت سی پوری ہوتی ہوئی بھی محسوس ہو رہی ہیں۔ جیسے آج بہت سے افسران اپنی کرسیوں پر موجود ملتے ہیں، کچھ ماحول میں اچھی تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ڈاکٹر وسیم قاضی جامعہ کراچی کے بااثر لوگوں کے اثر سے باہر نکل کر اہلیت اور اصول کی بنیاد پر فیصلے کر سکیں گے یا نہیں؟
جیسے اس وقت ان کے سامنے مئی 2019 کے ’نل اینڈ وائڈ‘ سلیکشن بورڈ آف ماس کوم کا معاملہ درپیش ہے۔ جس کو اس وقت کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان نے تو میرٹ پر سلیکشن بورڈ کو فائنل کر لیا تھا، لیکن ان کی ناگہانی موت کے بعد ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے زمانے میں اُسے سینڈیکیٹ سے کالعدم قرار دلوا دیا گیا تھا اور یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ ثابت ہوا تھا۔

یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے خلاف امیدواروں نے ہائی کورٹ میں ایک آئینی پٹیشن دائر کی، جس کے نتیجے میں مئی 2022 میں سندھ ہائیکورٹ نے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کو 2019 کے سلیکشن بورڈ کی سفارشات کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن ڈاکٹر ڈاکٹر خالد عراقی نے توہین عدالت کی کارروائی تک پہنچنے تک اس پر عمل درآمد کرکے نہیں دیا تھا۔ یوں خالد عراقی دوسری بار نااہل ہوتے ہوئے بال بال بچے اور جنوری 2023 میں انھوں نے مجبوری کے عالم میں ماس کمیونیکیشن کے 2019 کے سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر عمل کرکے لیکچررز کو تعینات کر دیا، لیکن ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی جانب سے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کردی گئی تھی، تاہم وہاں بھی ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔ اس کے بعد 8 فروری 2023 کو جامعہ کراچی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان پر ہائی کورٹ کے ذریعے توہین عدالت کا دبائو ڈال کر یہ فیصلہ کروایا گیا، چانچہ سپریم کورٹ نے ماس کمیونکیشن کے لیکچررز کے تقرر نامے معطل کر دیے، جس کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگیا۔ یورنیورسٹی کی ٹیچرز سوسائٹی نے واجبات کی ادائیگی کے مطالبے کے ساتھ ان ٹیچرز کے کیس کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا، لیکن اسے ہوا میں اڑا دیا گیا۔
اس کے بعد ’فیڈرل کونسٹی ٹیوشن‘ کورٹ کے قیام کے بعد جب مقدمات سپریم کورٹ سے وہاں ٹرانسفر ہوئے تو وہاں پر یہ مقدمہ بھی پہنچا، جہاں جامعہ کراچی کی اپیل خارج کر دی گئی اور سندھ ہائی کورٹ کے مئی 2022 کے فیصلے کو بحال کر دیا گیا۔
وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ مئی 2026 میں سامنے آچکا ہے، جس وقت وہی ڈاکٹر خالد محمود عراقی وائس چانسلر جامعہ کراچی کے عہدے پر تھے، لیکن انھوں نے حسب روایت اس فیصلے پر کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے بعد انتظامی تبدیلیوں کے بعد یہ معاملہ اگلے وائس چانسلر کی تعیناتی تک زیر التوا رہا۔ کچھ عرصے ڈاکٹر طفیل جوکھیو آگئے، انھوں نے مختصر عرصے میں اپنے مطلب کے بہت سے کارنامے تو کردیے، لیکن اس فیصلے پر عمل درآمد کو اپنی ترجیح نہیں بنایا، سو وہ بھی گزر گئے۔
اکتوبر 2026 کو ڈاکٹر وسیم قاضی نے جامعہ کراچی کی قیادت سنبھالی، آج آئینی عدالت کے فیصلے کو چھے ماہ پورے ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود اس معاملے پر وہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں، جس سے یہ خدشات پیدا ہونے لگے ہیں کہ کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ایک بار پر عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایف سی سی (وفاقی آئینی عدالت) مئی 2026 میں یہ فیصلہ سنا چکی ہے، جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے مئی 2022 کے فیصلے پر عمل کرنا ہے، ماضی میں بھی خالد عراقی نے اس فیصلے پر عمرل کرنے میں چھے ماہ کا عرصہ لیا تھا، لیکن عدالتی دبائو کے بغیر وہ بھی حرکت میں نہیں آئے تھے۔ یہاں تک کہ معزز عدالت نے برہم ہوکر توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دے دیا تھا، تب کہیں جا کر خالد عراقی کے قلم نے حرکت کی تھی۔ ایف سی سی (فیڈرل کانسٹی ٹیوشن کورٹ) کے مطابق معطل ماس کمیونیکیشن کے لیکچررز کو بحال کیا جانا ہے لیکن یونیورسٹی کی جانب سے کسی قسم کی کوئی پیش رفت یا دلچسپی سامنے نہیں آرہی، جب کہ عملاً ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ہائی کورٹ کے بعد فیڈرل کورٹ کے فیصلے کو بھی ہوا میں اڑا دینا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو قوی امکان ہے کہ ڈاکٹر خالد عراقی کی طرح نئے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کو بھی توہین عدالت یا عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں مشکلات کا سامنا کر پڑ جائے۔
واضح رہے 2019 میں منعقد ہونے والا سلیکشن بورڈ 2014 میں مشتہر اسامیوں پر عمل میں آیا تھا، یعنی 2026 میں اشتہار کے 12 سال کے بعد بھی ان لیکچررز کی اہم اسامیوں پر تقرری عمل میں نہیں آسکی ہے۔
