Categories
Exclusive Karachi Media PPP Society انکشاف پیپلز پارٹی دل چسپ سمے وار- راہ نمائی کراچی

ٹریفک جام، کمرشل گاڑیوں پر پابندی؟

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
کراچی میں شام کے اوقات میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کی وجہ بڑی تعداد میں کمرشل گاڑیوں کی سڑک پر موجودگی سامنے آئی ہے، جس میں چھوٹے بڑے ٹرک، منی کنٹینر جو دکانوں اور گوداموں کے درمیان ترسیل کا کام کرتے ہیں، چھوٹے ٹینکروں سے لے کر بڑے بڑے قوی الجثہ لمبے لمبے واٹر ٹینکر، تعمیراتی میٹریل لے جانے والے ٹرالر اور مکسر کے علاوہ مختلف چھوٹی کمرشل گاڑیاں سامنے آئی ہیں، جو پہلے سے اپنے گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کے لیے مسلسل اذیت اور پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔
یہی نہیں کراچی میں بڑے دھڑلے سے سندھ اور پنجاب سے لے کر بلوچستان تک جانے والی بیرون شہر بسیں بھی صبح شام دندناتی پھرتی ہیں۔ اس میں مصروف شاہ راہوں پر روک کر مسافروں کا سامان لادا جا رہا ہوتا ہے اور ٹریفک پولیس سے لے کر متعلقہ اداروں تک اس کا کوئی نوٹس نہیں لیتا۔
تجاوزات کے ساتھ بار بردار گاڑیاں اور ٹرکوں اور ٹینکروں کی سڑک کے کنارے پارکنگ بھی ایک بڑی وجہ کے طور پر سامنے آئی ہے۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کے لیے تجویز ہے کہ کم از کم شام کو پانچ سے آٹھ بجے تک تین گھنٹے کے لیے ہر قسم کی بھاری گاڑیوں بہ شمول واٹر ٹینکر، کمرشل لوڈنگ گاڑیاں، منی ٹرک، مکسر اور سامان کی ترسیل کی گاڑیوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی جائے۔ نیز کنٹینر اور ہیوی ٹریفک کے لیے پہلے کی طرح رات ایک بجے تک کا وقت متعین کیا جائے۔ کراچی جیسے مصروف اور بڑے شہر میں رات دس بجے کا وقت متعین کرنا نہایت غیر مناسب ہے۔
مسلسل ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے کراچی والوں کے پیٹرول کی مد میں اخراجات بڑھ رہ ہیں، حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر شام کے تین گھنٹے میں ہر قسم کی تجارتی گاڑیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے تاکہ کاموں سے گھر کو لوٹنے والے بہ آسانی اپنے گھر پہنچ سکیں۔ بھاری گاڑیوں کی طرح ان تجارتی گاڑیوں کے وقت کا تعین بھی کیا جائے۔ تجاوزات اور مصروف سڑکوں کے کنارے پارکنگ پر پابندی پر عمل کرایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights