سمے وار (تحریر: سید بدر سعید)
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میری سیکڑوں تحریریں ایسی ہیں، جو میں خود اپنے ہاتھوں ایک خاص جگہ دفن کرنے پر مجبور ہو گیا تھا۔ یہ لگ بھگ 13 سال پرانی بات ہے۔ میں روزنامہ ’دنیا‘ کی ایڈیٹوریل ٹیم میں کام کرنے کے بعد اچانک نوائے وقت میں چلا گیا۔ وہاں اپنے دور کے لیجنڈ ایڈیٹر علی سفیان آفاقی مرحوم تھے۔ علی سفیان آفاقی صاحب کو “فلمی الف لیلہ” سے بھی بہت شہرت ملی۔ میں انہی کی ٹیم میں تھا۔
روزنامہ ’دنیا‘ کی ایڈیٹوریل ٹیم میں سجاد کریم جیسے دانش ور صحافی تھے جن کی وجہ سے خاموشی بلکہ ہو کا عالم رہتا تھا۔ سب سر جھکائے اپنا کام کرتے رہتے اور سارا سارا دن ایک لفظ کی بھی گفتگو نہ ہوتی تھی۔ نوائے وقت کا ماحول کچھ مختلف تھا۔ یہاں شور شرابا چلتا تھا لیکن علی سفیان آفاقی کے دفتر آنے کے بعد یہاں بھی سب کو سانپ سونگھ جاتا تھا۔ ہمیں ایک بات کرنے کے لیے بھی واش روم کے بہانے ز’فیملی‘ میگزین کے ہال سے باہر آنا پڑتا۔ ماحول قدرے سخت اور کام دباؤ کے تحت چل رہا تھا۔
فیملی میگزین میں ایک پوری ٹیم سب ایڈیٹر کم فیچر رائٹر کی تھی۔ ہمیں روزانہ کم از کم دو فیچر لکھنے ہوتے تھے۔ آفاقی صاحب باقاعدہ تحریر کو تولتے تھے۔ 25 سے 30 صفحات سے کم کے فیچر کو “وزن میں بہت ہلکا” قرار دے دیا جاتا تھا۔ روزانہ 70 سے 89 صفحات لکھنے کے بعد بھی اکثر کم لکھنے کا ’اظہار وجوہ‘ مل جاتا تھا۔
یہاں سب کے سامنے ایک سرخ ٹوکری رکھی ہوئی تھی، ہمارا حکم تھا کہ جو تحریر لکھیں وہ فائنل کرنے کے بعد کمپوز کروائیں اور پھر مسودہ اور کمپوزنگ دونوں اس ٹوکری میں پھینک دیں۔ ہر ہفتے کم از کم 12 تحریریں لکھنے کے بعد ان میں سے دو سے چار تحریریں شائع ہو جاتی تھیں، باقی اپنی باری کے لیے ٹوکری میں رہ جاتی تھیں۔ اندازہ لگائیں کہ ہر ہفتے لگ بھگ 8 سے 10 تحریریں ٹوکری کی زینت بنتیں اور پھر وہیں گل سڑ جاتیں۔
علی سفیان آفاقی مرحوم کا نظریہ تھا کہ ہمارا کام صرف لکھنا ہے سو ہمیں روبوٹ کی طرح بس لکھتے چلے جانا چاہیے۔ کون سی تحریر کب چھپنی ہے اس کا فیصلہ علی سفیان آفاقی بطور ایڈیٹر کریں گے۔ ان ٹوکریوں میں کئی نادر و نایاب تحریریں، رپورٹس، فیچر یہاں تک کہ انٹرویوز بھی دب گئے؛ یہ سب کبھی شائع نہیں ہوا۔ برسوں تک ٹوکری میں دبتا رہا اور پھر ایک دن یہ سب غائب ہو گیا۔
ایک بار میں نے جائزہ لیا تو حیرت ہوئی کہ ان ٹوکریوں میں ماسٹر پیس بھی تھے۔ لگ بھگ 8 سے 10 ٹوکریاں لبالب بھری ہوئی تھیں۔ غالباً بعد میں یہ سب ردی کے بھاؤ بکتا رہا۔
سوچتا ہوں وہ ایڈیٹر بھی اب نہیں رہے جو اپنا یہ اختیار کسی کو نہیں دیتے تھے کہ کب کیا چھپے گا، اور وہ لکھاری بھی نہیں رہے جو “حکم سر آنکھوں پر” کی عملی مثال بنتے تھے۔ اگلے روز سوشل میڈیا پر دیکھا کہ کوئی لکھاری اپنی تحریر کاٹنے پر کسی ڈائجسٹ پر سیخ پا ہو رہی تھیں۔ سوچا انہیں ایک جملے یا پیراگراف کی ایڈیٹنگ پر غصہ آ رہا ہے جبکہ وہ وقت بھی تھا جب پوری پوری تحریر لکھوا کر کہا جاتا تھا اسے ٹوکری میں رکھ لیں، فی الحال شائع نہیں ہو گی۔ اس وقت دل پر کیا گزرتی تھی یہ کوئی لکھنے والا ہی جان سکتا ہے، لیکن آج سوچتا ہوں مسلسل لکھنے اور لکھتے چلے جانے کی وہ پریکٹس ہی آج کام آ رہی ہے، البتہ ایک کسک آج بھی باقی ہے کہ سرخ ٹوکری ہم جیسوں کے سیکڑوں ماسٹر پیس کھا گئی جن کا آج تک کچھ پتا نہیں لگ سکا۔
وضاحتی نوٹ (ڈسکلیمر): اس تحریر کا مقصد کسی بھی صحافتی ادارے، مدیر یا فرد کی تضحیک یا دل آزاری ہرگز نہیں ہے بلکہ یہ محض ماضی کے صحافتی ماحول، تربیت کے سخت مراحل اور پیشہ ورانہ تاریخ کے ایک دلچسپ پہلو (نیوز ایلیمنٹ) کو محفوظ کرنے کی ایک مخلصانہ کاوش ہے۔ ادارہ اور اس کی تمام شخصیات ہمارے لیے کل بھی قابلِ احترام تھیں اور آج بھی ہیں۔
۔
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
۔
’سمے وار‘ پر اشتہارات کے لیے حیران کن پیش کش سے فائدہ اٹھائیے ابھی رابطہ کیجیے samywar.com@gmail.com
Categories
جہاں میں نے سیکڑوں تحریریں دفن کردیں
