Categories
Exclusive Interesting Facts USA انکشاف دل چسپ سمے وار- راہ نمائی

روٹی چرانے والی بوڑھی عورت کو کیا سزا ملی؟

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
آج سے سو برس پہلے امریکا کی ایک عدالت میں غربت کی ماری ایک عورت کو پیش کیا گیا۔ اس عورت پر روٹی چوری کرنے کا الزام عائد ہوا تھا۔ جج نے جب اس غریب بوڑھی عورت کی حالت دیکھی تو مقدمہ واپس لینے کی استدعا کی، لیکن بیکری والے نے کہا یہ چور ہے، اسے اس چوری کی سزا ملنی چاہیے، ورنہ ملک میں چوری چکاری اور بڑھ جائے گی۔ اسی اثنا میں وہاں سے نیو یارک کا میئر لاگارڈیا گزار، جو اپنی نیک نامی کی بنا پر عوام کا بہت محبوب تھا، اس نے جج سے اجازت لی کہ وہ یہ مقدمہ خود سننا چاہتا ہے۔ اسے جج کی مسند پیش کر دی گئی۔
میئر نے بوڑھی خاتون سے پوچھا اس نے روٹی چوری کرنے کا اقرار کیا اور بتایا کہ اس کا داماد نکما ہے، بیٹی کام کاج نہیں کرسکتی، اس نے اپنے تین نواسے نواسیوں کے واسطے روٹی چوری کی تھی۔ یہ سن کر وہاں ہر شخص آب دیدہ ہوگیا،لیکن بیکری والے نے ’قانون کی عمل داری‘ کا نعرہ بلند کیا، چناں چہ اسے قانون کے مطابق چوری کی دس ڈالر کی سزا دے دی گئی۔ جسے سن کر ’ملزمہ‘ نے کہا کہ اگر میرے پاس دس ڈالر ہوتے تو بھلا چوری کیوں کرتی۔ جرمانہ نہ دینے کی صورت میں دس دن قید کی سزا بھگتنے کا قانون موجود تھا۔ اس نے کہا کہ اگر میں قید میں گئی تو میری بیٹی کے یہ بچے بھوک سے مرجائیں گے۔
یہ سن کر میئر لاگارڈیا نے اپنی جیب سے دس ڈالر نکالے اور جرمانہ ادا کر دیا اور کہا کہ اب ایک جرمانہ یہاں موجود ہر فرد کو پچاس سینٹ ادا کرنے ہوں گے کہ وہ اپنے درمیان موجود ایک بے بس ولاچار عورت سے بے خبر رہے۔ یہ بیکری والے نے بھی پچاس سینٹ دیے۔ یوں 47 ڈالر پچاس سینٹ کی رقم اس بڑھیا کو دی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ نیویارک میں آج بھی لاگارڈیا کو یاد کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *