سمے وار (پ ر) ’وی آئی پی فلیگز‘ کے سربراہ اور پیپر مارکیٹ (جھنڈا گلی) کراچی میں قومی پرچموں کی سب سے بڑی مارکیٹ سے وابستہ شیخ نثار احمد پرچم والا نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر قومی پرچم اور دیگر قومی و مذہبی مناسبتوں سے متعلق اشیا فروخت کرنے والے چھوٹے کاروبار اور گھریلو صنعت سے وابستہ افراد پر پابندی عائد کرنا ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
یوم آزادی کے قریب آنے کی مناسبت سے اپنے ایک اہم بیان میں نثار پرچم نے کہا کہ رواں سال چہلم، یومِ آزادی اور ربیع الاول جیسے اہم مواقع ایک ہی ماہ، یعنی اگست میں آ رہے ہیں، جس کے باعث عوامی اجتماعات، مذہبی و قومی تقریبات اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ ایسے حالات میں مکمل طور پر پابندی عائد کرنے کے بہ جائے حکومت کو چاہیے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے ایک مؤثر اور منظم نظام وضع کرے، تاکہ شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کو بھی یقینی بنایا جا سکے اور چھوٹے کاروبار و گھریلو صنعت سے وابستہ افراد کا روزگار بھی متاثر نہ ہو۔
شیخ نثار احمد نے کہا کہ بہت سے افراد پورا سال جشنِ آزادی، ربیع الاول اور دیگر اہم مواقع کے لیے قومی و مذہبی مناسبتوں سے متعلق سامان تیار کرتے ہیں اور اسی موسم میں ان کی فروخت سے اپنے سال بھر کے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ اگر انہیں اسٹال لگانے یا اپنا سامان فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تو یہ لوگ اپنی تیار کردہ مصنوعات کہاں فروخت کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ پیپر مارکیٹ، جسے عوام میں جھنڈا گلی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میں سٹی وارڈن کے اہلکاروں کی جانب سے اسٹالز لگانے کی اجازت نہ دینے سے کاروبار سے وابستہ افراد میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ حکومت سندھ ان کاروباری افراد کو مقررہ حدود کے اندر، مناسب ضابطہ کار کے تحت اور باقاعدہ رجسٹریشن کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دے۔ اگر ضروری ہو تو حکومت مناسب فیس بھی مقرر کر سکتی ہے۔ اگر پیپر مارکیٹ میں انتظامی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بازار لگانا ممکن نہیں تو حکومت متبادل طور پر اندرونِ شہر کسی مناسب مقام پر عارضی بازار قائم کرنے کی اجازت دے سکتی ہے
انھوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت سندھ کے اہم عوامی منصوبے پیپلز اسکوائر کے لیے بھی اس طرح کے منظم بازار سے فنڈز حاصل کرنے کا ایک طریقہ وضع کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح گورنر ہاؤس یا اس کے اطراف میں موجود مناسب جگہوں کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے، بشرطے کہ سیکیورٹی اور انتظامی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔
Categories
جشنِ آزادی کے کاروبار پر پابندی نہیں، متبادل دیا جائے، نثار پرچم والا
