سمے وار (تحریر: سہیل بلخی)
یہ زاہد ہے۔ کراچی کا ایک خاموش ہیرو- گذشتہ پچیس سال سے چائے پہنچانے والا!گلشنِ اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب یہ شخص گزشتہ پچیس سال سے دکانوں اور دفاتر میں چائے پہنچانے کا کام کر رہا ہے۔
زاہد صبح نو بجے کام شروع کرتا ہے اور رات 12 بجے ہوٹل بند ہونے تک مصروف رہتا ہے۔ لوگ فون کرتے ہیں، یہ چائے پہنچاتا ہے اور پھر خالی کپ لینے آجاتا ہے۔
اتنے برسوں میں میں نے اسے کبھی فارغ بیٹھے، وقت ضائع کرتے یا حالات کا شکوہ کرتے نہیں دیکھا۔ ہمیشہ خوش دلی سے اپنا کام کرتا نظر آتا ہے۔
یہ کسی ہوٹل کا ملازم نہیں، چائے پہنچانے کے بدلے ملنے والا کمیشن ہی اس کا کاروبار ہے۔ کچھ لوگ فوراً پیسے دیتے ہیں، کچھ دیر سے اور کچھ شاید بھول بھی جاتے ہیں۔ کسی نے بتایا کہ ایک پراپرٹی ڈیلر اس کے آٹھ ہزار روپے لے کر دفتر بند کرکے چلا گیا۔ مگر اس کے منھ سے کبھی کسی کی شکایت نہیں سنی۔
ہم لوگ آدھا گھنٹا واک کرکے اپنی اسمارٹ واچ پر قدم گنتے ہیں۔ میں اکثر سوچتا ہوں کہ اگر اسے گھڑی پہنا دی جائے تو شاید روزانہ ساٹھ ہزار قدم نکل آئیں! اور اگر یہ سیدھا ایک ہی سمت چلتا رہے تو شاید کراچی سے باہر نکل جائے۔
یہ شخص بڑا قناعت پسند ہے۔ نہ اسے کوئی نیا کاروبار شروع کرنے کی فکر ہے، نہ اپنی اسکلز اپ گریڈ کرنے کی دوڑ میں شامل ہونا ہے، نہ زیادہ پیسہ کمانے کی کوئی بے چینی۔ اپنے کام، اپنی آمدنی اور اپنی زندگی سے مطمئن ،خوش اور زندگی کو اپنے انداز میں بھرپور انجوائے کرنے والا۔
اور یہ دنیا کے حالات سے بھی بے لاپرواہ اور خود غرض بھی نہیں۔ جب غزہ پر حملے ہورہے تھے تو چائے دینے کے بعد اکثر پوچھتا تھا:
“صاحب، جنگ بند ہوئی یا نہیں؟ فلسطین کے لوگوں کا کیا بنے گا؟”
سارا دن اپنے رزق کے لیے چلنے والے اس شخص کے دل میں دوسروں کے لیے بھی ہمدردی ہے۔
میرے نزدیک یہ شخص ایک کامیاب انسان ہے۔ نہ کوئی بڑا دفتر، نہ ڈگری، نہ سرمایہ۔ بس محنت، دیانت، قناعت اور اپنے کام سے محبت۔
ہم سمجھتے ہیں کہ کامیابی کا مطلب آگے بڑھتے رہنا، کاروبار پھیلانا اور زیادہ سے زیادہ کمانا ہے۔ لیکن کبھی جو کچھ ہمارے پاس ہے، اسی میں خوش رہنا اور کسی سے کوئ شکوہ نہ کرنا بھی بڑی کام یابی ہوتی ہے۔
۔
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
Categories
ایک خاموش ہیرو، وہ اپنا کام کیسے کرتا ہے؟
