سمے وار (خصوصی رپورٹ)
حکومت سندھ نے کابینہ کو توسیع دیتے ہوئے جہاں 12 معاونین خصوصی اور 8 ترجمان شامل کیے ہیں، ان میں 2 “پی ایس پی” ارکان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ 3 ارکان کا تعلق MQM سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق آٹھ ترجمانوں میں نادر نبیل گبول، سکھ دیو، بلند خان جونیجو، سیدہ اقربہ فاطمہ اور مصطفیٰ عبداللہ بلوچ کے ساتھ سمیتہ افضال، سید تحسین عابدی اور ہیر سوہو کے نام بھی شامل ہیں۔ جن میں سمیتہ PSP جب کہ تحسین عابدی اور ہیر سوہو نے MQM سے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے معاونین خصوصی کو دیکھیے تو ان میں پیر سید افضل شاہ، لیاقت آسکانی، تنزیلہ ام حبیبہ، امیر حمزہ رئیس، خیر محمد شیخ، کلثوم چانڈیو، امان اللہ محسود، محمد علی بھٹو، حسین اسلم اور ویر کولہی کے ساتھ ساتھ کے PSP بانی سیکریٹری جنرل اور ایم کیو ایم کے سابق رکن رابطہ کمیٹی اورسابق صوبائی وزیر رضا ہارون، بھی شامل ہیں، جب کہ ان کے ساتھ محمد علی راشد کا نام بھی سامنے ہے، جو MQM سے براہ راست پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے تھے، جب کہ رضا ہارون PSP کے بعد غیر فعال رہے اور پھر ایک دن PSP اور MQM میں اپنے ساتھی رہنے والے انیس ایڈووکیٹ کے ساتھ پیپلزپارٹی کا حصہ بن گئے۔ واضح رہے انیس ایڈووکیٹ کو بہت عرصے قبل لندن کی قیادت نے باقاعدہ تنظیم سے خارج کردیا تھا، جب کہ رضا ہارون ازخود غیرفعال ہوگئے تھے۔
Categories
حکومت سندھ میں’پی ایس پی’ کے 2اور ‘متحدہ’ کے3سابق ارکان کو عہدے مل گئے!
