Categories
India Interesting Facts Society انکشاف تہذیب وثقافت دل چسپ سیاست ہندوستان

کیا بانی “بی جے پی” مسلمان تھا؟

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
ہندوستان میں نریندر مودی کی وزارت عظمیٰ میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی یا “بی جے پی” کو کٹر ہندو نظریات کی سیاسی جماعت سمجھا جاتا ہے، لیکن آپ کو یہاں یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس کے قیام میں ایک مسلمان کا ہاتھ بھی شامل ہے۔
جی یہاں، یہ ایک ممتاز سیاست دان، رکن پارلیمان اور سفارت کار سکندر بخت ہیں۔ کہیں آپ انھیں پاکستانی کرکٹر سکندر بخت نہ سمجھ لیجیے گا، یہ صرف ان کے ہم نام ہیں۔
سکندر بخت 24 اگست 1918ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک تعلیم یافتہ اور معزز خاندان سے تھا۔ ان کے والد کرنل ذوالفقار بخت برطانوی ہندوستانی فوج سے وابستہ تھے اور ایک باوقار فوجی افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ سکندر بخت نے اپنی تعلیم کے مراحل دہلی میں ہی طے کیے۔
1947ء میں برصغیر کی تقسیم کے وقت سکندر بخت نے ہندوستان میں رہنے کا فیصلہ کیا۔ اس دور میں بہت سے مسلمان پاکستان منتقل ہو رہے تھے، لیکن انھوں نے ہندوستان میں رہ کر ملکی سیاست اور سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے کو ترجیح دی۔

سکندر بخت نے اپنی سیاسی زندگی کا اہم حصہ بھارتیہ جن سنگھ کے ساتھ گزارا، جو بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی نظریاتی بنیاد بنی۔ جن سنگھ میں شمولیت کے بعد انہوں نے قومی سطح پر اپنی سیاسی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جلد ہی پارٹی کے نمایاں رہنماؤں میں شمار ہونے لگے۔ 1975ء میں وزیر اعظم اندرا گاندھی کی ایمرجنسی میں گرفتار کیے گئے۔
1980ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قیام کے وقت سکندر بخت بانی رہنماؤں میں شامل تھے۔ اٹل بہاری واجپائی، لال کرشن اڈوانی اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ساتھ انہوں نے نئی جماعت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
1998ء میں جب اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی تو سکندر بخت کو مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے صنعت کے وزیر اور بعد ازاں شہری ہوا بازی کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وزارت کے دوران ان کی انتظامی صلاحیتوں اور شفاف طرزِ عمل کو سراہا گیا۔
سکندر بخت نے 1952 میں راج شرما سے شادی کی تھی، جو ہندو پس منظر سے تعلق رکھتی تھیں۔ سکندر بخت اور راج شرما کی یہ بین المذاہب شادی اُس دور میں خاصی غیر معمولی سمجھی جاتی تھی۔ انھیں “ایک ہندو خاتون سے شادی کرنے والا مسلمان سیاست دان” قرار دیا گیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں بلوا بھی ہوا تھا اور اسی کے نتیجے میں وہ راج نیتی یعنی سیاست میں آگئے تھے اور پھر آگے بڑھتے بڑھتے بھارت کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے بانیان میں شامل واحد مسلمان بن گئے۔ اگرچہ اب بی جے پی واچپائی اور ایڈوائی کی بی جے پی سے زیادہ بدل چکی ہے اور سکندر بخت بھی دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں، اس لیے کہا نہیں جاسکتا کہ اگر وہ ہوتے تو کیا کرتے۔ سکندر بخت کا انتقال 23 فروری 2004ء کو ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights