سمے وار (مانیٹرنگ ڈیسک)
سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے میں تقریباً 8 منٹ لگتے ہیں۔ چاند تک روشنی صرف ایک سیکنڈ میں پہنچ جاتی ہے۔ اب سوچیے، ایک ایسی جگہ جہاں تک روشنی کو پہنچنے میں پورا ایک دن یعنی 24 گھنٹے لگتے ہیں۔
آج انسان ہی کا بنایا ہوا ایک خلائی جہاز وہاں تل پہنچنے میں کام یاب ہوگیا ہے۔
ناسا کا وائجر ون سن 1977 میں زمین سے روانہ ہوا تھا، جب ہم میں سے بہت سے لوگ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ 49 سال سے مسلسل خلائی سفر میں ہے اور پاکستانی وقت کے مطابق آج بدھ کی سہ پہر تقریباً سوا تین بجے یہ زمین سے ایک ’نوری دن‘ کے فاصلے پر پہنچ گیا۔ یعنی تقریباً 26 ارب کلومیٹر دور۔
اس فاصلے کو آسان الفاظ میں سمجھیں اگر آج ہم وائجر کو ’ہیلو‘ کا پیغام بھیجیں تو یہ کل اسی وقت وہاں پہنچے گا اور اس کا جواب پرسوں ہمارے پاس آئے گا۔ یہ پہلے ہی انسان کی بنائی ہوئی سب سے دور جانے والی چیز ہے۔
’وائجر ون‘ اور اس کا جڑواں وائجر ٹو وہ واحد خلائی جہاز ہیں جو ہمارے نظام شمسی سے نکل کر ستاروں کے درمیان کی خلا میں بہت دور تک پہنچ چکے ہیں۔
امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ کی سائنس دان ٹفنی کٹاریا کہتی ہیں کہ ہم دوسرے ستاروں تک جانے کے خواب دیکھتے ہیں، مگر وائجر کو صرف ہمارے اپنے نظام شمسی کے کنارے تک پہنچنے میں تقریباً 50 سال لگ گئے ہیں۔ جب کہ قریب ترین ستارے بھی ہم سے کئی ’نوری سال‘ دور ہیں، یعنی وہاں تک پہنچنے کے لیے اس سے سینکڑوں گنا لمبا سفر چاہیے۔
راستے میں وائجر نے بہت کچھ دکھایا۔ اسی نے پہلی بار بتایا کہ مشتری کے گرد بھی زحل کی طرح حلقے ہیں۔ بجلی بچانے کے لیے اس کے کیمرے اب بند کیے جا چکے ہیں مگر یہ آج بھی ستاروں کے درمیان موجود گیس، گرد اور مقناطیسی لہروں کی معلومات زمین پر بھیج رہا ہے۔
اور اس کے ساتھ ایک ’سنہری ریکارڈ‘ بھی سفر کر رہا ہے۔ یہ سونے کی پرت چڑھی تانبے کی تقریباً 30 سینٹی میٹر کی ایک ڈسک ہے، جس پر زمین کی آوازیں اور تصاویر محفوظ ہیں۔ یہ اس امید پر بھیجی گئی تھی کہ اگر کبھی کسی اور مخلوق کو یہ ملے تو وہ جان سکے کہ ہم کون تھے۔
49 سال پرانی ٹیکنالوجی، جو آج بھی چل رہی ہے اور ہمارا موبائل دو سال میں جواب دے جاتا ہے۔ لیکن ’وائجر ون‘ 50 سال تک متحرک ہے اور کام یابی سے اپنے مقاصد حاصل کر رہا ہے۔ یہ اپنے آپ میں خود ایک حیرت انگیز بات ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر پھر دوبارہ اس مقام تک پہنچنے کی کوئی کوشش کی جائے گی تو کیا پھر اس کے اس مرحلے کے لیے انسانوں کو 50 سال انتظار کرنا پڑے گا۔ یعنی بھیجنے والوں کو اپنی زندگی میں دوبارہ اسے اس مقام تک دیکھنے کی امید بہت کم رہے گی۔ یا پھر اس کی رفتار اور کارکردگی کو بہتر کیا جائے گا، اگر بہتر بھی کرلیا جائے تب بھی ایک نوری دن کے فاصلے پر سالوں لگانے پڑیں گے اور پھر اس کی کوئی ضمانت بھی نہیں کہ وہ کام یاب بھی رہے۔ کچھ بھی ہوسکتا ہے، کوئی سیارچہ ٹکرائے جائے یا اور کوئی حادثہ ہوجائے جس کے بعد وہ ناکام ہوجائے۔ خدشات تو رہتے ہی ہیں۔ اب یہ معاملہ ہے کہ یہ مشن کب تک فعال رہتا ہے اور ہمیں مزید کیا معلومات دیتا ہے اور وہ جو دنیا سے اردو سمیت کئی زبانوں کے پیغامات بھیجے گئے ہیں، کیا وہ کسی مخلوق تک پہنچیں گے اور وہ اس سے کچھ اخذ کرپائے گی اور پھر کیا ہم سے کوئی رابطہ کرے گی اور کرے گی تو اس کے لیے مزید کتنے عشرے درکار ہوں گے۔ وہ کام یابی سے زمین تک پہنچ پائے گی جہاں سے روشنی کو پہنچنے میں ایک دن لگ جاتا ہے۔ دوسری طرف ہم ایسے ستاروں کے بارے میں بھی بات کرتے ہیں کہ جو کئی سال پہلے چمکے تھے اور ان کی روشنی اب ہمیں زمین پر دکھائی دے رہے ہے۔ جو بھی ہے یہ انسان کی خلائی تاریخ میں ایسا ہی ایک مرحلہ ہے، جسے چاند تک پہنچے کا تھا۔ وہ 1969 تھا اور یہ 2026 ہے۔۔
’سمے وار‘ پر اشتہارات کے لیے حیران کن پیش کش سے فائدہ اٹھائیے ابھی رابطہ کیجیے samywar.com@gmail.com
