سمے وار (تحریر: شائستہ بخاری)
کیا ہندوستان سے آنے والے مہاجرین کو کراچی میں گھر مفت بانٹ دیے گئے تھے؟
آج کل بعض لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ تقسیم کے بعد ہندوستان سے آنے والے مہاجرین کو کراچی میں گھر اور زمینیں مفت دے دی گئی تھیں، جیسے وہ یہاں آئے اور حکومت نے انہیں پورا شہر بانٹ دیا۔ ذرا تاریخ بھی دیکھ لیجیے کہ حقیقت کیا ہے۔
1947ء میں ہندوستان سے آنے والے لوگ اپنا گھر بار، کاروبار اور جمع پونجی چھوڑ کر پاکستان پہنچے تھے۔ ان میں پڑھے لکھے لوگ بھی تھے، سرکاری ملازمین، تاجر، ہنرمند اور عام محنت کش بھی۔ یہ کوئی ایسے لوگ نہیں تھے کہ جہاں جگہ ملی جھونپڑی ڈال کر بیٹھ گئے۔ ان کی اپنی عزتِ نفس، رہن سہن اور گھر بسانے کی خواہش تھی۔ حکومت نے بھی ان کی آبادکاری کے لیے باقاعدہ منصوبے بنائے۔
25 مارچ 1953ء کی دستور ساز اسمبلی کی کارروائی میں وزیر داخلہ فضل الرحمٰن نے کراچی کی نو مہاجر کالونیوں کے نام بتائے تھے، جن میں ناظم آباد، اورنگ آباد، لالو کھیت، ڈرگ روڈ، گولیمار، ملیر مہاجر کالونی، پاپوش نگر، آرٹسین کالونی اور لانڈھی شامل تھیں۔ (حوالہ: دستور ساز اسمبلی پاکستان، 25 مارچ 1953ء، صفحہ 684)۔

اب پیر الٰہی بخش کالونی کی مثال لے لیجیے۔ اس کالونی کا افتتاح 2 نومبر 1948ء کو گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے کیا تھا۔ اس وقت سندھ کے وزیراعلیٰ پیر الٰہی بخش نے مہاجرین کے لیے سستے مکانات کی فراہمی کا منصوبہ بنایا تھا۔ (حوالہ: پروفیسر اعجاز احمد قریشی، The Case of Karachi، صفحہ 273)۔
امریکی محقق جے ہنری کورسن نے 1965ء میں شائع ہونے والی اپنی تحقیق میں لکھا کہ پیر الٰہی بخش کالونی میں 120 گز یا اس سے بڑے پلاٹوں پر دو سے چار کمروں کے پکے مکانات، باورچی خانے اور غسل خانے سمیت، 1948-49ء میں 4,500 روپے میں فروخت کیے گئے تھے۔ (حوالہ: J. Henry Korson، Pakistan Development Review، 1965ء، صفحہ 587)۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ لالو کھیت میں انتہائی بے گھر اور غریب خاندانوں کو ایک کمرے کے سادہ مکانات بلا معاوضہ فراہم کیے گئے تھے۔ یعنی حکومت نے کچھ خاندانوں کی مدد مفت رہائش دے کر کی اور کچھ کو گھر خریدنے کے مواقع دیے۔ (حوالہ: J. Henry Korson، 1965ء، صفحہ 587)۔
اب کورنگی اور لانڈھی کو دیکھیں۔ ان علاقوں میں بھی باقاعدہ رہائشی منصوبے بنائے گئے۔ 1967ء کی مغربی پاکستان اسمبلی کی کارروائی میں کورنگی کے ایک کمرے کے کوارٹر کی قیمت 1,400 روپے اور ایک کمرہ بمعہ برآمدہ 1,850 روپے یک مشت درج ہے۔ اقساط پر قیمت اس سے زیادہ تھی۔ (حوالہ: مغربی پاکستان اسمبلی کی کارروائی، 1967ء، سوال نمبر 15349)۔
میری نانی نے بھی بتایا تھا کہ ہمارے خاندان نے کورنگی نمبر 6 میں ایک ہزار روپے دے کر گھر خریدا تھا۔ تو پھر یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ تمام مہاجرین کو گھر مفت ملے تھے؟
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کا قیام کیسے عمل میں آیا؟
https://samywar.com/archives/2592
کراچی میں کون مقامی اور کون غیر مقامی ہے؟
https://samywar.com/archives/2532
بات بالکل سیدھی ہے۔ کچھ لوگوں کو متروکہ املاک کے دعووں کے تحت جائیدادیں ملیں، کچھ نے اپنی جمع پونجی سے گھر خریدے، کچھ نے اقساط ادا کیں اور کچھ بے گھر خاندانوں کو حکومت نے مفت رہائش دی۔ ہر خاندان کی کہانی ایک جیسی نہیں تھی۔
مہاجرین کو مفت گھر ملنے کی چند مثالیں لے کر پوری مہاجر آبادی کو مفت خور کہنا یا یہ تاثر دینا کہ وہ یہاں آکر دوسروں کی زمینوں پر بیٹھ گئے تھے، تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ یہ لوگ اپنا وطن چھوڑ کر آئے تھے، اپنی زندگی دوبارہ شروع کی، محنت کی، کاروبار کیے، نوکریاں کیں اور اپنے بچوں کا مستقبل بنایا۔
میرا سوال صرف اتنا ہے کہ جو لوگ آج کہتے ہیں کہ مہاجرین کو کراچی میں مفت گھر بانٹے گئے تھے، وہ ذرا بتائیں کہ ان کے پاس اس دعوے کا کیا ثبوت ہے؟ کیا انہوں نے کبھی ان خاندانوں کی خریداری کی رسیدیں، اقساط اور سرکاری الاٹمنٹ کا ریکارڈ بھی دیکھا ہے؟
تاریخ کو سنی سنائی باتوں سے نہیں، اصل دستاویزات سے سمجھنا چاہیے۔
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
۔
اشتہارات کے لیے ’سمے وار‘ کی حیران کن پیش کش سے بھی فائدہ اٹھائیے ابھی رابطہ کیجیے samywar.com@gmail.com

