Categories
Exclusive Interesting Facts Karachi Media Society انکشاف تعلیم تہذیب وثقافت دل چسپ ذرایع اِبلاغ کراچی

شہید برہان وانی کی برسی اور پھر سری لنکن رقص؟

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
کراچی آرٹس کونسل میں کشمیری حریت پسند رہنما شہید برہانی وانی کی 10 ویں برسی کی مناسبت سے آج منگل 7 جولائی 2026، کو سہ پہر چار بجے حسینہ معین ہال میں ایک پروگرام کرایا جا رہا ہے۔ جس میں کُل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی، حریت راہ نما شیخ عبدالمتین اور دیگر ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
دوسری جانب کراچی میں سری لنکا کے قونصل خانے کے اشتراک سے سری لنکن رقص پر مبنی پروگرام کنایا’’Kanaya‘‘ بھی آج شام ہی کو 7 بجے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں پیش کیا جائے گا، جس میں سری لنکا کے معروف کوریوگرافر اور ڈانس ڈائریکٹرچندانا وکرما سنگھے(Chandana Wickramasinghe) کی سربراہی میں ڈانس گروپ میں شامل فن کار سری لنکن ثقافت کی عکاسی کریں گے۔
اگرچہ دونوں پروگراموں کے مقامات آرٹس کونسل ہی میں الگ الگ جگہوں پر ہیں، لیکن ان دونوں پروگراموں کے یکے بعد دیگرے ہونے سے عجیب سی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ شائقین اور اہل دل اس حوالے سے بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، برہان وانی کی برسی ایک سنجیدہ اور پروقار پروگرام ہے، جسمیں ظاہر ہے دکھ اور درد کی بات ہوگی۔ کتنی عجیب بات ہوگی کہ لوگ اس پروگرام سے نکل کر رقص کے پروگرام میں چلے آئیں، کیوں کہ لگ بھگ برسی کے پروگرام چار بجے کے بعد شروع ہوگا تو دوسرے رقص کے پروگرام کا وقت ہوجائے گا۔
یہی نہیں ان دونوں پروگراموں کے دعوت نامے میڈیا نمائندگان کو ایک ہی میل میں بھیجے گئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اچھا ہوتا کہ ایک دن کے فرق سے رقص کا پروگرام رکھ لیا جاتا، یا کم سے کم اس کے لیے الگ ای میل پر مدعو کرلیا جاتا تو ایسے افسوس ناک صورت حال نہ دیکھنی پڑتی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights