سمے وار (خصوصی رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کی سابق رکن رئیسہ موہانی کراچی میں انتقال کرگئیں، وہ طویل عرصے سے علیل تھیں، ان کی عمر تقریباً 86 برس تھی، وہ تحریک آزادی کے ممتاز راہ نما مولانا حسرت موہانی کی بھتیجی تھیں۔
ایک اخباری انٹرویو کے مطابق رئیسہ موہانی 1940ء میں فتح پور (یو پی) میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم کان پور میں حاصل کی، علی گڑھ سے میٹرک، انٹر اور بی اے کیا۔ زمانہ طالب علمی سے ہی سیاست اور ہم نصابی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔
رئیسہ موہانی کے شوہر انعام الحسن موہانی (مرحوم) اِن کے چچا زاد بہن کے بیٹے (حسرت موہانی کے نواسے) ہیں۔ رئیسہ موہانی 1963ء میں شادی کے بعد ہی پاکستان آئیں۔
ہندوستان میں رئیسہ موہانی کانگریس سے منسلک رہیں۔ یہاں آنے کے بعد ‘حسرت موہانی میموریل ٹرسٹ’ کے حوالے سے سرگرم رہیں، 1980ء کی دہائی میں وہ ‘ایم کیو ایم’ سے وابستہ ہو گئیں۔ 2008ء کے بعد خرابی صحت کی بنا پر فعال نہ رہ سکیں۔
رئیسہ موہانی ‘حسرت موہانی ٹرسٹ’ کے ایک وفد کے ساتھ جنرل ضیا سے ملی تھیں، اور پھر ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کی، اُن دنوں ضیا الحق تمام سیاسی جماعتوں سے مل رہے تھے، لیکن انھوں نے ‘ایم کیو ایم’ کو نظرانداز کیا، رئیسہ موہانی اس خیال کے سخت خلاف تھیں کہ ‘ایم کیو ایم’ ضیا نے بنائی۔
انھوں نے کہا ہم پاکستان بنانے والے انہیں دیکھ رہے ہیں، ایم کیو ایم والے پاکستان کے مخالف نہیں! جس پر ضیا نے کہا کہ اگر آپ کہتی ہیں تو میں مان لیتا ہوں۔
رئیسہ موہانی ‘مہاجر رابطہ کونسل’ کی رکن بھی رہی ہیں۔ 1993ء کے عام انتخابات کے موقع پر الطاف حسین نے عزیز آباد سے قومی اسمبلی کا امیدوار بنایا، مگر ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی کے اِس انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔’
رئیسہ موہانی کے خاندان کو 1995ء میں ایک تکلیف دہ سانحے سے گزرنا پڑا جب اُن کے شوہر انعام الحسن موہانی کے بھتیجے اظہر موہانی کو نارتھ ناظم آباد سے مبینہ طور پر کرکٹ کھیلتے ہوئے اغوا کر لیا گیا اور اگلے دن اُن کی لاش ملی۔ اظہر موہانی، اس وقت کالج کے طالب علم اور ‘ایم کیو ایم’ کے کارکن تھے، وہ رشتے میں مولانا حسرت موہانی کے نواسے کے بیٹے تھے، ان کے ناخن کھینچ لیے گئے تھے اور جسم پر ڈرل سے تشدد کے نشان تھے۔
اخباری انٹرویو کے مطابق رئیسہ موہانی کی صاحب زادی رمیسہ موہانی کہتی ہیں کہ ‘امی جب ‘ایم کیو ایم’ میں فعال تھیں تو فیصل سبز واری، رضا ہارون اور آج کے بہت سے نمایاں راہ نما بالکل پس منظر میں تھے۔ آج انہیں دیکھتی ہوں، تو حیرانی ہوتی ہے کہ اصل جدوجہد کے وقت یہ لوگ نہیں تھے، اب کہاں سے آگئے۔ امی کے علاوہ مرکز پر ایک اور خاتون وہاں کی انچارج ممتاز باجی ہوتی تھیں۔ ایم کیو ایم کے ہر اجلاس اور میٹنگ میں، میں امی کے ساتھ ساتھ بیٹھی ہوتی تھی۔ اس لیے مجھے بہت سی ایسی باتیں معلوم ہیں، جو بہت سوں کو نہیں ہوں گی۔ مجھے الطاف حسین، عظیم احمد طارق اور ڈاکٹر عمران فاروق وغیرہ نام سے جانتے تھے، لیکن میں کبھی سیاست میں شامل نہیں ہوئی۔
”کیا دور رہنے کی وجہ ‘ایم کیو ایم’ کا خراب تاثر تھا؟” ہم نے سوال داغا تو وہ بولیں کہ ‘میرا نقطہ نظر مختلف ہے، مجھے یہ ‘جمہوریت’ اور سیاسی جماعتیں سمجھ میں نہیں آئیں کہ ایک راہ نما کے نیچے رہ کر اس طرح کام کیا جائے، میرا مزاج اس سے الگ ہے۔ لندن میں ہماری آنٹیاں جماعت اسلامی سے وابستہ تھیں، ان کے ہاں ہفت روزہ ‘تکبیر’ اور اس طرح کے دیگر جرائد آتے، جن میں ان کے حوالے سے بہت کچھ لکھا ہوتا تھا، میں کراچی آئی، تو امی سے کہا کہ یہ کون سی جماعت ہے، جس کے ہیڈ کواٹر کے بارے میں تو پتا چلا ہے کہ بڑا خراب ماحول ہے، لڑکیاں تو وہاں جا ہی نہیں سکتیں! امی نے کہا تم ابھی چلو۔ یہ 1988ء کی بات ہے۔
وہاں گئی تو ڈاکٹر فاروق ستار وغیرہ بیٹھے ہوئے تھے، میں نے وہاں پورا دفتر دیکھنے کی خواہش کی تو مجھ سے کہا گیا کہ اجازت نہیں، لیکن امی کی سفارش کے بعد پورا دفتر دکھایا گیا۔۔۔ جب ‘تہ خانہ’ دیکھا تو پوچھا کہ یہ کیوں بند ہے؟ مجھے یہ بھی دکھائیں۔ انچارج ممتاز باجی نے منع کیا۔ میں نے کہا میں پہلی بار یہاں آئی ہوں، آپ دکھائیں۔ پھر کسی سے اجازت لے کر تالا کھولا گیا، نیچے کتابیں، رسائل اور اخبار وغیرہ تھے، میں نے اچھی طرح سے چیزیں ہٹا ہٹا کر تسلی کی کہ جو میں نے پڑھا تھا ویسا تو کچھ بھی نہیں، میں حیران ہوئی اور مجھے یقین نہ آیا کہ ‘تکبیر’ جیسا اللہ اکبر کہنے والا رسالہ کیا کچھ لکھتا رہا ہے کہ وہاں ‘ٹارچر سیل’ ہے اور شراب کی بوتلیں ہیں۔ اس کے بعد میری رائے تبدیل ہونا شروع ہوئی۔
Categories
حسرت موہانی کی بھتیجی رئیسہ موہانی انتقال کرگئیں
