Categories
Exclusive Interesting Facts Media Society انکشاف دل چسپ ذرایع اِبلاغ سمے وار- راہ نمائی قومی تاریخ قومی سیاست

اتنی مہنگائی نہیں ہے، جتنا لوگ شور کر رہے ہیں

سمے وار (خصوصی رپورٹ)
شاید بہت سے لوگوں کے علم میں نہ ہو کہ بنگال سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے سابق وزیراعظم حسین شہید سہروردی ملک کے ایک نام ور اور مہنگے وکیل تھے، لیکن اپنی پارٹی کے غریبوں کا بہت زیادہ خیال رکھتے تھے۔ اس دوران قسمت ان پر مہربان ہوگئی اور وہ پاکستان کے وزیراعظم بن گئے۔ اس کے بعد ان کے منصب کے تقاضوں کے تحت وہ ایک حلقے میں محصور ہوگئے، عوام سے فاصلے پیدا ہوگئے، وہ زیادہ وقت اس وقت کے دارالحکومت کراچی میں بتانے لگے۔ اس وقت ان کی پارٹی کے ایک مشہور کارکن تھے خلیفہ غلام حسن گلشن لاہور میں رہتے تھے۔
ان وقتوں میں لاہور کے مال روڈ پر ایک ریستوران میں نامی گرامی سیاست دانوں اور دانش وَروں کی نشست جمتی تھی، بہت سوں کی مخصوص جگہ متعین ہوتی تھی، اور جس کے لیے وہ جگہ مخصوص ہوتی تھی وہی اس کا بل بھی دیتا تھا۔
خلیفہ گلشن جب بھی اس ریستوران کی کسی میز پر آتے تو کہتے “ملک میں مہنگائی بہت ہے، لوگ بہت زیادہ تنگ ہیں، حکومت کو کوئی خیال ہی نہیں ہے، بہت جلد مظاہرے ہونے والے ہیں”
اتفاق کہیے یا کچھ اور پھر انھیں وزیراعظم حسین شہید سہروردی صاحب نے ملاقات کے لیے یاد کرلیا۔ خلیفہ جی ریل گاڑی میں بیٹھے اور پہنچ گئے کراچی۔ کراچی میں ان کی ملاقات حسین شہید سہروردی سے ہوئی تو انھوں نے حالات پوچھے۔
خلیفہ نے بتایا حالات بہت تنگ ہیں، اس موقع پروزیراعظم حسین شہید سہروردی نے خلیفہ گلشن کو ایک “پرمٹ” جاری کر دیا، جو خلیفہ غلام حسن گلشن نے کراچی میں 88 ہزار (آج کا 88 کروڑ کے برابر) میں بیچا۔
اس کے بعد وہ ہوائی جہاز کے ذریعے لاہور پہنچے، حسب سابق اسی ریستوران میں پہنچ گئے، آک خلیفہ نے کوئی 10، 12 افراد کے کھانے کا آرڈر دے دیا، پوری میز کھانوں سے بھر گئی اور کھانے والے صرف خلیفہ گلشن۔
پہلے کی طرح کچھ لوگ خلیفہ گلشن سے ملے اور پھر پوچھا”خلیفہ جی! بہت دنوں بعد دکھائی دیے، بتائیے، لوگوں کے حالات کیسے ہیں؟”
تو سنیے وہی خلیفہ جو وزیراعظم پاکستان سے ملنے سے پہلے مہنگائی کے رونے روتا تھا، اس نے فوراً کہا:
“اتنی بھوک نہیں ہے جتنا لوگ شور کر رہے ہیں!”
مظہر برلاس نے یہ واقعہ اپنے ایک کالم میں بھی نقل کیا ہے، دیکھیے تو آج کے سارے صحافی اینکر اور نام نہاد رائے سازوں کا کردار سمجھنے میں شاید مشکل نہیں ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights