سمے وار (تحریر: سعد احمد)
کیا عمران فاروق کے قاتل الطاف حسین کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں؟ جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا ہے۔ 17 ستمبر الطاف حسین کی سال گرہ کا دن ہے، اس روز لندن میں ان کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے داخلے کی کوشش کا مطلب ان کو نشانہ بنانا لیا جارہا ہے، قائد متحدہ قومی موومنٹ نے ایک ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ان کے گھر پر نامعلوم افراد نے داخلے کی کوشش کی، گملا پھینک کر شیشہ توڑنے کی بھی کوشش کی، لیکن سیکورٹی الارم بجنے پر وہ لوگ دیوار پھاند کر بھاگ گئے۔
واضح رہے الطاف حسین اور ان کی تنظیم کے حوالے سے ناقدین کہتے ہیں کہ ان کی سال گرہ پر ان کے مبینہ مخالفین کو ٹھکانے لگا کر قائد کو سال گرہ کا تحفہ دیا جاتا ہے، تبھی ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کو بھی روز اول سے ایسا ہی تحفہ قرار دیا گیا، جس بنا پر ان کے خلاف چارج شیٹ بنائی گئی، لندن میں تو اس کا فیصلہ نہ ہوسکا، لیکن یہاں یہ ’’ثابت‘‘ کردیا گیا ہے کہ یہ سب ٹھیک ہے۔ ایسے ہی 17 ستمبر 2012 کو جماعت اسلامی کے لیاقت آباد ٹائون کے سابق ناظم اور پیپلز امن کمیٹی کے صف اول کے اتحادی ڈاکٹر پرویز محمود کو قتل کیا گیا تو اسے بھی ناقدین نے الطاف حسین کی سال گرہ کا تحفہ قرار دیا۔ اسی طرح تاریخ دیکھیے تو 17 مارچ 2010 کو شہید ملت روڈ پر آفاق احمد کے وکیل سہیل انجم اور 18 مارچ 2006 کو سابق جوائنٹ سیکریٹری اور حقیقی کی بغاوت کے تیسرے اہم کردار بدر اقبال کو بھی قتل کیا گیا، جو کہ اس وقت مسلم لیگ ق میں تھے۔ اسے بھی ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کا ’’تحفہ‘‘ قرار دیا گیا۔
اسی کو ملاتے ہوئے دیکھیے تو 17 ستمبر 2026 کو لندن میں الطاف حسین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر پر نامعلوم افرد کی جانب سے ان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔ ان کے وابستگان نے اسے ’قاتلانہ حملے‘ کی کوشش قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کے بہی خواہوں نے ان کی سیکورٹی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ اور تشویش ظاہر کی ہے۔
سابقہ تسلسل کو دیکھیے تو ’تحفے‘ والا نظریہ ان کی سال گرہ پر ہونے والے اس حملے کے بعد بھی متحرک لگتا ہے، لیکن اگر یہ ان کے کہنے پر یا ان کو خوش کرنے کے لیے کیا جاتا تھا تو آج انھی کو نشانہ چہ معنی دارد؟
کیا یہ تحفے والی تھیوری سازشی ہے؟ کیا وہی لوگ جو اس میں ملوث ہیں اور اس کو تحفہ کہہ کر بات کرتے ہیں وہی لوگ الطاف حسین کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں؟
یہ ایک سوال ہے جس کا جواب ہم آپ پر چھوڑ رہے ہیں؟
.
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
Categories
کیا عمران فاروق کے قاتل الطاف حسین کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں؟
