سمے وار (کراچی)
تحریر: رضوان طاہر مبین
آپ نے آئے روز سیاسی راہ نمائوں کی بہت سی خبریں سنی ہوں گی، لیکن اس خبر کا تعلق تعلیم سے ہے، اور وہ بھی اعلیٰ تعلیم سے۔ خبر کچھ یوں ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن رابطہ کمیٹی اور مرکزی راہ نما کے طور پر سامنے آنے والے، سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور سابق رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے جامعہ کراچی کے شعبہ اردو میں ‘ایم فِل’ میں داخلہ لے لیا ہے۔
وہ 18 ستمبر 2023 سے شروع ہونے والی کلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت بھی کر رہے ہیں، ‘ایم فِل’ کے کورس ورک کے لیے ہفتہ وارچار کلاسیں ہوتی ہیں اور حیدر عباس رضوی ابتدائی چاروں کلاسوں میں شامل ہوئے ہیں۔
حیدر عباس رضوی نے 2 فروری 1969 کو کراچی میں آنکھ کھولی، انھوں نے جامعہ کراچی میں ‘اپلائیڈ کیمسٹری’ اور امریکا سے ‘کیمیکل انجینئرنگ’ میں ماسٹرز کیا ہوا ہے، پھر سنگاپور سے کوالٹی مینجمنٹ اور انوائرمینٹل مینجمنٹ و دیگر کورس بھی کیے ہوئے ہیں۔ کچھ عرصے قبل سہیل وڑائچ کو “ایک دن جیو کے ساتھ” میں انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ‘اردو ادب’ میں ‘پی ایچ ڈی’ کرنا ان کی دلی خواہش ہے۔
Categories