Categories
Interesting Facts Karachi PPP PTI Society انکشاف ایم کیو ایم پیپلز پارٹی تحریک انصاف تحریم جاوید سمے وار بلاگ سندھ سیاست قومی سیاست کراچی مسلم لیگ (ن)

قبضہ کرنے والوں کو پھانسی کی تجویز؟

(تحریر: تحریم جاوید)
ایک خبر آئی ہے کہ آبی گزرگاہوں پر قبضہ کرنے والوں کو پھانسی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بہ ظاہر تو یہ ایک بہت اچھی بات ہے، ملک میں سیلاب سے اتنی بڑی تباہی کے بعد کچھ نہ کچھ چارہ جوئی تو کرنی ہی چاہیے، دریائوں کے راستوں پر سیلابی گزرگاہوں اور دیگر نکاسی آب کے راستوں پر رکاوٹوں کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے، لیکن ساتھ میں اس کے ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے، کیوں کہ قبضہ کرنے والا اکیلا تو مجرم نہیں، بلکہ یہ بھی تو ممکن ہے کہ وہ تو اس قبضے کا مجرم ہی نہ ہو! اس نے تو سرکاری اجازت نامے اور قانونی تقاضے پورے دیکھ کر وہ جگہ خریدی ہو، لیکن اب سیلاب کے بعد اچانک ریاست کو خیال آرہا ہے کہ یہ تو غیر قانونی اور سراسر قبضہ ہے تو وہ ہتھوڑا لے کر تجاوزات کے نام پر قائم املاک ہی کو مسمار نہیں کر رہی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ “قبضہ کرنے والے” کا بھی سر پھوڑ دینا چاہتی ہے!
یہ بالکل کراچی میں نسلہ ٹاور جیسی صورت حال ہے، یعنی ہر طرح سے قانونی جواز دیے جانے کے بعد عدالت نے اِسے غیرقانونی قرار دے کر ہتھوڑا چلوا دیا اور لوگ بے گھر ہوگئے۔ ایسے ہی کراچی میں گجر نالے پر بھی توڑ پھوڑ مچائی گئی۔ نالے کے ایک طرف سو فی صد قانونی مکان بھی اس کی زد میں آگئے کیوں کہ عدالت نے نالے کی موجودہ جگہ کے مطابق فیصلہ دیا اور دونوں طرف سے مخصوص حد میں کشادہ کرنے کا کہا، اب سیدھا نالہ قبضے کی وجہ سے زگ زیگ ہوچکا تھا، اگر گجر نالے کے اصلی نقشے کے مطابق اسے بحال کرنے کا کہتے تو شاید قانونی گھر بنانے والے غیر قانونی گھروں کی طرح مسماری کی زد میں نہ آتے اور غیر قانونی بھی تو سرکار نے قانونی کیے تھے۔ ایسے میں ہمیں سوچنا چاہیے کہ کب تک غریب کے سر پر ہی ہتھوڑا پڑتا رہے گا؟
اگر پھانسی دینی ہے اور سزا پہنچانی ہے، تو سارے ذمہ دار ادارے جنھوں نے دستاویزاتی معاونت کی ہے اور یہ تو ان کے خلاف ایک تحریری ثبوت ہے کہ انھوں نے ان دریائی راستوں یا ندی نالوں پر تجاوزات کی ہیں، ان کے خلاف بھی تو کوئی کارروائی ہونی چاہیے۔ وہ تو دبئی، امریکا اور لندن میں مال کما کر عیاشیاں کر رہے ہیں۔ یہاں غریب جو کسی طرح بھی ذمہ دار نہیں ہے، وہ زندگی بھر کی جمع پونجی گنوا کر دوبارہ اپنے اہل خانہ کو لے کر سڑک پر آجائے۔
کراچی ہو یا پنجاب، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے سزا کا سلسلہ اعلیٰ افسران اور اداروں کے خلاف بھی ہونا چاہیے۔ تاکہ کسی رشوت خور کو دوبارہ اس کریہہ فعل کی جرات نہ ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights