Categories
Education Exclusive Interesting Facts Media Society USA انکشاف تعلیم تہذیب وثقافت خواتین دل چسپ ذرایع اِبلاغ کراچی

پیزا اشتہار میں سیاہ فام ماڈل، ماجرا کیا ہے؟

سمے وار (مانیٹرنگ ڈیسک)
ایشیا یا تیسری دنیا کے ممالک میں گوری رنگت کے حوالے سے احساسِ بڑائی کوئی نئی بات نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ شادی کے لیے گوری لڑکی تلاش کی جاتی ہے، جب خوب صورتی کا معیار گورا رنگ ہے تو اداکاری سے لے کر ماڈلنگ اور اشتہارات تک، سبھی جگہ گوری خواتین کا غلبہ دکھائی دیتا ہے۔ یہاں تک کہ جو خواتین مطلوبہ صاف رنگت کے معیار کے مطابق پورا نہیں اترتیں، انھیں میک اپ کے لوازمات کے ذریعے “گورا” کر دیا جاتا ہے۔ لیکن حال ہی میں کراچی میں ایک امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی “ڈومینوز” کی جانب سے اپنے بل بورڈ اشتہار پر ایک سیاہ فام افریقی نژاد امریکی دکھائی دینے والی خاتون کی موجودگی نے لوگوں کو اچنبھے میں ڈال دیا۔
کراچی کی ایک مقامی شاہ راہ پر ڈومینو پیزا کے ایک بل بورڈ پر جہاں ارد گرد سارے اشتہاری بورڈ پر گورے رنگ کے مرد اور خواتین دکھائی دے رہی ہیں، وہاں یہ سیاہ فام خاتون ڈومینو پیزا کے لذیذ ہونے کا اظہار کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اشتہار ہمارے ہاں بدلتی ہوئی اقدار اور صارفین کے تبدیل شدہ رویے کی خبر دیتا ہے ، کیوں کہ اس سے پہلے کسی بھی چیز کی فروخت کے لیے خوب صورت اور پرکشش خواتین کو ہی منتخب کیا جاتا تھا، چاہے وہ چیز خواتین کے استعمال کی ہو یا نہ ہو، اس میں کسی نہ کسی طرح سے خاتون کو متعارف کرا دیا جاتا تھا۔ یا پھر اس حوالے سے سماج میں معروف شخصیات کا سہارا لیا جاتا تاکہ مقبول چہروں کی وجہ سے ان کی چیز یا سروس فروخت ہوسکے۔
لیکن اس بار غیر معروف اور غیر ملکی سیاہ فام خاتون کی موجودگی یقیناً سماج میں اچنبھے کا باعث ہے۔ کیا برانڈ کو یہ یقین تھا کہ سیاہ رنگ کی خاتون کی موجودگی سے اس کے پیزا اچھی طرح فروخت ہو پائیں گے۔ ایک کالی رنگ کی خاتون جس پیزا کو پسند کر رہی ہے تو کیا سماج میں اس سے کم گہری رنگت کے لوگ اُسے پسند کریں گے کہ وہ بھی وہی پیزا کھائیں۔ جب کہ ہمارے ہاں صابن، شیمپو، موبائل اور گاڑیوں تک کے ہر اشتہار میں گوری چٹی اور خوب صورت نقوش والی اداکارائیں اور خواتین کو پیش کیا جاتا ہے، تاکہ وہ صارفین کی توجہ حاصل کریں اور اشتہار کام یاب ہو۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اشتہار بارش کا پہلا قطرہ ہے یا پھر کمپنی کی ناسمجھی یا کوئی ایک نیا تجربہ۔ یہ تو وقت بتائے گا۔

کراچی میں کورنگی روڈ پر سیاہ فام خاتون کے پیزا اشتہار کا ایک منظر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights