Categories
Exclusive Interesting Facts Karachi MQM انکشاف ایم کیو ایم دل چسپ ڈاکٹر شاہد ناصر سندھ سیاست قومی تاریخ قومی سیاست کراچی مہاجر صوبہ مہاجرقوم

الطاف حسین کی بیٹی کہاں ہیں؟

(تحریر: ڈاکٹر شاہد ناصر)
آپ کو یاد ہوگا کہ کچھ عرصے قبل ایسی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی بیٹی افضا الطاف پاکستان آکر قیادت سنبھالنے والی ہیں، جس پر الطاف حسین نے اس کی نہ صرف پرزور تردید کی تھی، بلکہ یہ بھی کہا تھا کہ وہ تو موروثیت کے خلاف ہیں، انھوں نے اب تک اپنے خاندان کے کسی فرد کو کونسلر سے لے کر گورنر اور رکن صوبائی اسمبلی سے لے کر وزیر یا مشیر تک نہیں بنایا، اس لیے یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو عہدہ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ الطاف حسین نے اس طرح کی افواہوں کو سازش بھی قرار دیا تھا، لیکن اس کی تفصیلات نہیں دی تھیں۔
یہ بات آئی گئی ہوگئی، لیکن اس وقت سے ہی یہ سوال کھڑا ہوگیا تھا کہ اس میں سازش والی کیا بات ہے، جب الطاف حسین کی بیٹی ہیں، تو پھر وہ سازش میں کیسے حصے دار ہوسکتی ہیں، لیکن بات یہ ہے کہ افضا الطاف کئی برسوں سے منظر نامے سے غائب ہیں، الطاف حسین کی اپنی بیوی فائزہ گبول سے علاحدگی ہوچکی ہے اور فائزہ گبول بھی منظر نامے سے دور ہیں، وہ کہاں ہیں؟ کیا کرتی ہیں اور کیا کہتی ہیں؟ اس بارے میں کبھی کوئی تفصیل منظر عام پر نہیں آئی، لیکن الطاف حسین کی اکلوتی بیٹی افضا طلاق کے بعد بھی کافی برسوں تک الطاف حسین کے ساتھ رہی۔ کراچی میں موجود پارٹی کی علاحدگی کے بعد بھی افضا الطاف لندن میں اپنے والد کے ساتھ دیکھی گئیں، لیکن اس کے بعد پراسرار طریقے سے منظر سے غائب ہوگئیں، جس کے حوالے سے غالب گمان یہی ہے کہ وہ اپنی والدہ فائزہ گبول کے ساتھ رہنے لگی ہیں۔

فائزہ گبول ایک بلوچ خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، الطاف حسین نے اپنی پارٹی کو مہاجر سے متحدہ کرنے کے چکر میں شادی بھی غیر مہاجر گھرانے میں کی، جو بدقسمتی سے ناکامی سے دوچار ہوئی اور اب مہاجروں کے قائد کی بیٹی افضا الطاف کی مادری زبان بلوچی یا سندھی ہے۔ یہ الگ تضاد ہے، لیکن اب آتے ہیں اصل موضوع کی طرف۔
افضا الطاف کا سیاست میں آنا اور الطاف حسین کا اسے سازش قرار دینا، ان دونوں کڑیوں کو ملائیے تو مستقبل قریب کا نقشہ سمجھا جاسکتا ہے۔ الطاف حسین نے افضا الطاف کو سیاست میں آنے کی بات کو سازش غالباً اسی لیے کہا ہوگا کہ وہ اب ان کے رابطے میں نہیں اور ان سے راستے جدا کرچکی ہیں، اس لیے اب وہ اگر الطاف حسین کے بعد سیاست میں آئیں گی تو بہت آسانی سے الطاف حسین کے وفادار حلقے بھی انھیں سربراہ مان لیں گے، جب کہ وہ الطاف حسین کو سیاست سے بے دخل کرنے والوں کے راستے پر کام بھی کرسکیں گی۔ اس لیے الطاف حسین کی موت کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ “قائد کی بیٹی” کے نام پر افضا الطاف ایم کیو ایم کی سربراہی کریں گی ، جس کے بعد کراچی میں موجود راہ نمائوں کو بھی انھی کے ہاتھ پر بیعت کرنی پڑے گی، جب کہ وہ دراصل اپنے والد سے (درپردہ) منحرف ہوچکی ہوں گی اور پھر خود کو لائے جانے والوں کے اشارے پر ہی کام کریں گی۔

(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights