سمے وار (تحریر: ساجد احمد)
کراچی کی بدنصیبی ہے کہ اس کو بدنامی کے واسطے ہزاروں حوالے میسر آجاتے ہیں، لیکن کوئی بھی حقیقی طور پر اس کے مسائل حل کرنے کی طرف نہٰں آتا۔ اتنے بڑے بڑے میڈیا ہائوسز یہاں ہیں، لیکن پانی، سڑکوں، صفائی اور جان کے تحفظ کو ترسترے شہر کے مسائل پر کبھی بات ہی نہیں ہوتی۔ ایسے ہی اس شہر کا ایک بڑا مسئلہ ٹریفک بھی ہے۔
ہر شام کو شاہ راہ فیصل سے لے کر شہر کی تمام بڑی شاہ راہوں پر ٹریفک کا بدترین دبائو ہوتا ہے۔ اور یہ اتنا معمول ہوچکا ہے کہ جب تک بدتین صورت حال نہ ہو خبر نہیں بنتی۔
اتنے بڑے شہر میں دو، دو گھنٹے میں گھر پہنچنا بہت معمول کی بات سمجھی جاتی ہے۔ دوسری طرف سڑکوں پر دیکھیے تو شام کے وقت جب شہری کاموں سے گھر کو لوٹ رہے ہوتے ہیں، بہت سے طالب علم یونیورسٹیوں سے گھر اور گھروں سے اپنے کوچنگ کلاسز کے لیے جا رہے ہوتے ہیں، تب شہر پر دھڑلے سے کراچی سے باہر جانے والی بڑی بڑی قوی الجثہ بسیں نہ صرف رواں دواں ہوتی ہیں، بلکہ مصروف شاہ راہوں پر کھڑی ہوکر بہت اطمینان سے مسافروں کا سامان بھی لدوا رہی ہوتی ہیں۔ اول تو ان بسوں کو شہر کے اندر چلنا نہیں چاہیے، لیکن یہ شہر کے رش کے اوقات میں سرکار کی طرف سے ایک خاص تحفہ محسوس ہوتی ہیں۔ کوئی روکنے ٹوکنے والا تو دور کی بات ہے، میں نے آج تک اس پر کسی چینل یا اخبار میں خبر تک نہیں دیکھی کہ عدالت نے ان کے اڈے شہر سے باہر بھیجے تھے، تو اڈے تو کیا باہر جاتے، الٹا یہ شہر کے اندر چلائی جانے لگی ہیں اور ٹریفک کے ساتھ ساتھ حادثات کا باعث بھی بن رہی ہیں۔
دوسری طرف کراچی اور واٹر ٹینکر مافیا لازم وملزوم بن چکے ہیں، صبح سے شام تک رواں دواں ٹینکر رش کے اوقات میں بھی جا بہ جا دیکھے جاسکتے ہیں اور یہ 22 پہیوں تک کے لمبے لمبے ٹینکر بڑی سہولت سے شام کے اوقات میں رواں دواں ہوتے ہیں۔ کیا ان کو شام کے دو، تین گھنٹے کے لیے محدود کرنے میں بھی کوئی قباحت ہے؟
اسی کے ساتھ ساتھ بڑے لوڈنگ ٹرکوں کے ساتھ منی ٹرک اور بار برداری کی مختلف گاڑیاں اور تعمیرات کے لیے پہنچائے جانے والے تیار سیمنٹ کے ’مکسر‘ بھی شام پانچ، چھے بجے آپ کی سڑکوں پر عذاب بننے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔
یہ ایک نہایت چھوٹی سی تجویز ہے، جو شہر کے ٹریفک قابو کرنے والوں کو کرنے میں جانے کیا مشکل درپیش ہے۔
کیا شام کے اس وقت جب ٹریفک کا دبائو ہوتا ہے تو کیا باربرداری کی گاڑیوں، واٹر ٹینکر، بیرون شہر جانے والی بسوں وغیرہ جیسی گاڑیوں پر پابندی لگانے میں بھی کسی کا مفاد ہے؟
آخر کیوں کراچی والوں کو ذلت اور مصیبت کے ایک طویل سلسلے میں جھونکا گیا ہے؟
کوئی جواب دے گا؟
Categories
کراچی روز ٹریفک جام کی اصل وجہ سامنے آگئی؟
