سمے وار (تحریر: سعد احمد)
وہ کیا کہتے ہیں باسی کڑھی میں اُبال۔۔۔
شاید ایسا ہی کچھ ہے، جو ہمیں 10 نومبر 2026 کو ’پی ایف یو جے‘ (پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس‘ کی احتجاجی تحریک دیکھ کر یاد آگیا۔ یار لوگ آمریت بولے تو فوجی حکومتوں کے خلاف تحریک اور جدوجہد کی تاریخ رکھتے ہیں۔ آزادی اظہار کے عَلم برار ہیں، صحافیوں کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ان کی ملازمتوں کی بقا اور ان کے روشن مستقبل تک۔ یہ سب کچھ اسی نام کی صحافتی تنظیم کرتی رہی ہے۔
تو یہ کوئی نئی بات نہ تھی، لیکن اچانک سے 10 نومبر کو بیدار ہوجانا اور پھر کراچی پریس کلب کے باہر 24 گھنٹے کے لیے ہائے وائے کرنا ہمیں کچھ اچنبھے کا معاملہ لگا، کیوں کہ کون سی ایسی نئی بات تھی جو ہوگئی تھی۔ صحافت اور آزادی اظہار پر پابندی آج کل یا مہینے دو مہینے یا سال دو سال کا ماجرا تو نہیں ہے۔ یہ تو جنرل پرویز مشرف کے آخری دور میں جب صحافیوں کو ہضم نہ ہوئی تو تبھی سے شروع ہوئی تھی اور نام نہاد جمہوریتوں میں اس کے شکنجے اتنے کسے گئے کہ لوگ ضیا دور کی پابندیوں سے موازنہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
چلیے چھوڑیے ہم کون سا صحافی ہیں، ہم تو بیٹھے بٹھائے بس کبھی کبھی کچھ لکھ مارتے ہیں، تو صحافی کے لیے تو ویسے بھی کسی ریڈیو، ٹی وی اور اخبار یا ویب سائٹ کے لیے ملازمت ہونا ضروری ہے اور پھر یہ ادارے سرکاری بھی نہ ہوں۔ (بھلے صحافی سرکاری بن جائیں اور کسی نہ کسی شخصیت یا ادارے کے کاسہ لیس بن کر خوب مفادات سمیٹیں پروا نہیں)
پتا نہیں یہ تمہید اتنی لمبی کیوں ہوجاتی ہے کہ موضوع تک پہنچنے پہنچنے میں آدھا بلاگ ہوجاتا ہے، ہم آپ کو واپس پی ایف یو جے کے دھرنے میں لاتے ہیں، خوب رنگ جمایا دوسرے شہروں سے بھی وفود وغیرہ آئے بڑے چینلوں کے بڑے بڑے عہدے داران بھی جلوہ افروز ہوئے۔ آزادی اظہار کی دے مار ساڑھے چار فارمولا تقریریں وجود میں آئیں، لے کے رہیں گے اور چھین کے لیں گے سے تیز ہو تیز ہو کی صدائیں بھی سننے کو ملیں۔ لہو گرم رکھنے کا بہانہ ہے، مگر ہمیں پریشانی تھی کہ نہ کوئی نیا قانون آیا نہ کوئی بھونچال، تو یہ باسی کڑی میں ابال کاہے کا ہے؟
تب ہمیں یاد آیا 3 نومبر کی انگڑائی، کیوں کہ ہمارے صحافیوں کی خود ساختہ (بھونڈی) عقل کے مطابق یہ دن ’’پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین‘‘ ہے، شاید اردو نہیں جانتے، ویسے بھی پریس کلب کا غٰر مقامی ہزارے وال صدر فاضل جمیلی اب سندھی سکھانے کے پروگرام کروا سکتا ہے، ہزارے سے آّکر ہمارے آرٹس کونسل قیادت کرنے والے احمد شاہ قبیلے کا کراچی کے صحافتی ادارے پر مسلط یہ بھی ایک الگ ہی چیز ہے۔ (موضوع سے پھر بھٹکنے کی معذرت)
تو بات ہو رہی تھی 3 نومبر کی اس پر ہائے ہائے ہوئی ہوئی کرنے میں اپنا ہی مزہ ہے سو یہ مزے لیتے لیتے صحافت کے ٹھیکے داروں کو یاد آیا ارے پیکا ایکٹ کے تحت تو بڑی مشلات ہیں، آزادی اظہار کی بھی ایسی تیسی ہوگئی ہے۔ صحافیوں کی بے روزگاری، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور اس جیسے کتنے ہی مسائل ہیں۔ اب بس ہوگئی سو کھڑے ہوئے خیمہ گاڑے اور لگے نعرے بلند کرنے۔۔۔
منزل کراچی پریس کلب۔۔۔ اور ظاہر ہے شہر بھی کراچی۔۔۔۔
چلیے ٹھیک ہے، کس کس کو سمجھائیں گے، مگر صاحبو
تم جس جگہ کھڑے ہو اس شہر کے واسطے اپنے منہ میں گھنگیاں ڈالے کیوں بیٹھے ہو؟؟؟
سوال تو بنتا ہے صحافت کے خود ساختہ ٹھیکے داروں سے تمھیں شرم نہ آئی تمھارے بینروں پر آزا کشمیر کے رانڈ رونے لکھے ہیں، لیکن تم جس کراچی پریس کلب پر کھڑے ہو، اس کے ایک واقعے کو بنیاد بنا کر پورے کراچی سے سیاسی آزادی کو چھین لیا گیا تمھارے کانوں پر جوں نہ رینگی۔۔۔
صدر افضل بٹ سے تو کیا شکوہ، فاضل جمیلی بھی غیر مقامی ہے
لیکن یہ اظہر عباس جیسے چڑھ چڑھ کر آئے اور ان کے بھائی مظہر عباس نے جیسے محفل گرمائی ان کو شرم ورم بھی آتی ہے کبھی؟
ٹھیک ہے تم پیپلزپارٹی کا کاسہ اٹھائے اٹھائے ہی گزر جانا، لیکن کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے!
کراچی میں آزادی اظہار کی بات کر رہے ہو اور بینر لگاتے ہو آزاد کشمیر کے؟؟؟
کیا مطلب ہے؟؟ اس ملک میں شہریوں کے لیے بھی خانے بانٹے ہوئے ہیں؟؟
کیا کراچی میں آزادی اظہار ہے۔۔؟؟
22 اگست 2016 سے اس شہر کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا؟
یہ محمود شام، حامد میر، اظہر عباس، مظہر عباس، وسیم بادامی، شاہ زیب خانزادہ، جاوید چوہدری اور اس جیسے دوسرے تیس مار خان کیوں چپ کا روزہ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔۔
اچھا چپ رہے تھے، ٹھیک ہے، لیکن یہ تو انتہا ہے کہ جس شہر میں کھڑے ہیں آپ اس شہر کے لیے دو لفظ نہیں بولے۔ ایک بینر تک نہیں اٹھایا۔۔
کیا کراچی والے اس ریاست کے برابر کے شہری نہیں؟
کیا گناہ کردیا انھوں نے کہ ان کے بنیادی حقوق کے لیے آپ کا قلم نہیں چلتا، آپ کے مائیک بند ہوجاتے ہیں۔۔
بس یہی ہے آزادی اظہار؟؟
یہی ہے نام نہاد صحافتی تحریکوں کا مغز؟
انسانی حقوق ٹائپ برگروں سے تو شکوہ ہے ہی، لیکن صحافیوں نے کس کا گھوں کھالیا ہے۔ یہ کیوں مصلحت یا منافقت کا شکار ہیں؟؟
جواب تو مانگا جائے گا،
صحافیوں! تم آزادی اظہار مانگتے ہو تو تم بھی جواب دہ بنو۔۔
دو رنگی سے باہر نکلو
منافقت کا چولا اتار کر پھینکو
کراچی کے شہری سوال کرتے ہیں اور ڈرامے بازی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں!
.
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
Categories
کراچی میں سجا ’آزادی اظہار کا ڈراما‘
