سمے وار (خصوصی رپورٹ)
رومن اردو کا جن بے قابو ہو کر اشتہارات سے نکل کر اب مصنوعات تک پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے صرف مختلف ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے اشتہارات میں رومن اردو لکھ رہی تھیں، جس کی وجہ ان کے مطابق نئی نسل تک اپنا پیغام پہنچانا ہے، اس ضمن میں مختلف ہوڈنگ اور پینا فلیکس کا سہارا لیا جاتا رہا ہے۔
اردو کو رومن میں لکھنے کا چلن صرف اشتہارات کی دنیا تک محدود تھا، بہت سے آن لائن اشتہارات کے ساتھ ٹی وی کمرشل اور اخباری اشتہاروں میں بھی یہی چیز دیکھنے کو ملی، جو شاید پہلے بھی تھی، جیسے اردو فلموں کے نام انگریزی میں لکھے جاتے تھے، لیکن یہ نہ ہونے کے برابر تھا۔ اب 90 فی صد مشتہرین رومن اردو کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

ابھی تک یہ نجی اشتہارات تک دیکھنے میں آرہا تھا، لیکن اس کے بعد یہ معاملہ سرکاری اشتہارات اور نیم سرکاری امور میں بھی دیکھا گیا اور بڑھ کر اب یہ سلسلہ مختلف مصنوعات پر چھپنے والی تحریروں تک جاپہنچا ہے، پہلے اردو میں لکھا ہوا ہوتا تھا یا پھر انگریزی میں۔ لیکن اب اردو کو بھی انگریزی میں لکھنا شروع ہوگیا ہے۔ لائف بوائے نامی شیمپو کی پیکنگ پر رومن اردو درج ہونے پر یہ سلسلہ بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اِسے اگر فوری طور پر نہ روکا گیا تو پھر بچا کچھا اردو رسم الخط بھی قصہ پارینہ بنتا جائے گا۔ اگلا مرحلہ رومن اردو کی طباعت اور اشاعت اور مکمل رواج تک جا پہنچے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ رومن اردو کو فی الفور لگام ڈالی جائے اور اپنے بچوں کو اردو کو اردو کے رسم الخط میں لکھنے کی عادت ڈالی جائے۔
