Categories
Dr Shahid Nasir Education Exclusive Karachi KU Media Society اردوادب انکشاف تعلیم تہذیب وثقافت جیو نیوز دل چسپ ذرایع اِبلاغ ڈاکٹر شاہد ناصر سمے وار بلاگ سمے وار- راہ نمائی کراچی

یہ پیرزاہ جیسے کیا جانیں احمد شاہ کا معیار؟

سمے وار(تحریر: ڈاکٹر شاہد ناصر)
علم اور معاشرے کا تعلق ہمارے رویوں سے معلوم چلتا ہے۔ اگر لوگ علم کو اور عالم کو عزت دینے والے ہوں تو وہ علم کا قدر دان معاشرہ ہے، ورنہ وہ جیسے لوگوں کو سر پر بٹھائے وہ اسی کیٹگری کا ہوتا ہے۔
یہ سب مجھے تب یاد آیا کہ جب میں نے دیکھا کہ کراچی پریس کلب میں صاحبان علم کے لیے باقاعدہ ان کے اعزاز میں پروگرام ’’جو ہم پر گزری‘‘ منعقد کیا جاتا ہے، لیکن پھر افسوس ہوا کہ اتنے بڑے بڑے لوگ ہیں اور ان کو سننے کے نام پر ایک چھوٹے سے کانفرنس روم میں بند کردیا، شاید یہ تلخ حقیقت تھی کہ پریس کلب نے یہی بہتر سمجھا کہ ایک بڑے سارے کمرے میں ان صاحبان علم وفن کو بلایا جاوے اور ان کے نام ایک پروگرام ہو۔۔
اس میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، شکیل عادل زادہ، انور شعور، مظہر عباس، اور اخلاق احمد کے علاوہ اشرف شاد، مہتاب اکبر راشدی اور ثانیہ سعید کو بھی مدعو کیا گیا۔ لیکن ہمارا زور ابتدائی فہرست پر زیادہ ہے، کیوں کہ پھر اس بیچ ایک ایسی شخصیت کو بھی مدعو کیا گیا جس کے لیے کراچی پریس کلب کے بیک یارڈ میں منچ سجایا گیا، ہر چند کہ جس حساب سے اہتمام فرمایا گیا عوام اتنے نہیں آئے، لیکن پھر بھی دیگر تمام سلسلے وار پروگراموں سے زیادہ تو تھے۔۔۔

یہ بڑا پروگرام جناب احمد شاہ (ستارہ امتیاز) کا تھا، جو کہ آرٹس کونسل میں مسلسل صدر اور معتمد بنتے چلے آرہے ہیں، ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہے، یہ آرٹس کونسل کے ارکان جانیں اور اس کے الیکشن لڑنے والے دیکھیں لیکن معاملہ یہ ہے کہ جب پڑھے لکھے افراد اور باشعور حلقے کوئی فہرست بناتے ہیں اور مرتبے اور عزت دیتے ہیں تو وہاں حفظ مراتب کو ضرور سامنے رکھتے ہیں۔
کیا احمد شاہ شکیل عادل زادہ، پیرزاہ قاسم، انور شعور، اخلاق احمد اور مظہر عباس وغیرہ سے بڑا آدمی ہوگیا ہے؟؟
ہو کیا گیا ہے ہم نے اپنے رویوں سے سماج کو یہی بتایا کہ عہد ساز شکیل عادل زادہ شاہ کے سامنے کچھ نہیں بیچتا، وہ زبان وبیان اور لسانیات کے مضامین کچھ نہیں جانتا، جتنا احمد شاہ نام کا آدمی بڑا ہے۔
وہ سائنس کے میدان کا پیرزادہ قاسم، شعرو سخن کا شناسا اور کئی سرکاری یونیورسٹیوں اور نجی جامعات کا وائس چانسلر رہا، اس کی اوقات ایک کانفرنس روم کی ہے، لیکن اس کے سامنے اونچی آواز میں بولنے والے اور شاعر وادیب اور فن کاروں کی جوڑ توڑ سے سب کو اپنے ساتھ ملانے والے ’’شاہ‘‘ کا رتبہ بڑا ہے، کیا ہوا اگر آرٹس کونسل کی مسند سنبھالنے سے پہلے پیرزادہ اردو یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر بن چکے تھے، پھر جامعہ کراچی میں اس عہدے پر رہے، پھر نذیر حسین یونیورسٹی میں یہ مسند سنبھالی اس کے بعد ضیا الدین یونیورسٹی میں یہ فرض ادا کیا۔ ان کے علم ودانش کی کوئی اوقات نہیں ہے۔ پیرزادہ کوئی آرٹس کونسل کا الیکشن تو نہیں جیت سکتے۔ نہ ہی یہ ’ہنر‘ انور شعور جیسوں کو آتا ہے

اور رہ گئے شکیل عادل زادہ تو وہ بے چارے تو ’’جانتے ہی کچھ نہیں ہیں‘‘ جتنا احمد شاہ صاحب کے جیب میں رہتا ہے۔
سو اس لیے صاحبو! احمد شاہ ان سب سے افضل ہے اور کراچی پریس کلب کو کیوں دوش دیں کیا لوگوں نے ثابت نہیں کیا کہ وہ احمد شاہ جیسوں کے گرویدہ ہیں، انھیں شکیل عادل زادہ، پیرزادہ قاسم، انور شعور، مظہر عباس، اخلاق احمد وغیرہ جیسوں سے چنداں کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اس لیے کراچی پریس کلب کو دوش نہیں ہے۔ یہ ماتم ہمارے معاشرے کا ماتم ہے۔ یہ ہم لوگوں کی ترجیحات کا ستم ہے کہ یہاں چمک دمک والے لوگ پسند کیے جاتے ہیں۔ علمیت سے ہمیں کوئی علاقہ نہیں ہے۔
لیکن ایک بات یہ ہے کہ یہ داش وروں کے ادارے بھی تو معیار طے کرتے ہیں، سماج کی رہنمائی کرتے ہیں، ان کو بتاتے ہین کہ یہ وائس چانسلر کا پروگرام ہے اس کی کیا اہمیت ہے، یار ہم اپنے اہل علم کا درجہ بڑھا نہیں سکتے تو کم از کم ان کو اس طرح ذلیل بھی تو نہ کریں۔ یہ تو کرنا چاہیے تھا کہ احمد شاہ کا پروگرام بھی اسی جگہ پر ہوتا کہ جہاں شکیل عادل زادہ کو سنا گیا، جہاں ڈاکٹر پیر زادہ قاسم بیٹھے، جہاں انور شعور سے زانوئے تلمذ تہ کیا گیا۔۔۔
.
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Verified by MonsterInsights