سمے وار (تحریر: رضوان طاہر مبین)
”کسی بھی نئی دوا کی جانچ کرنے کے لیے ’پلاسیبو‘ Placebo اثرات کو بھی دیکھا جاتا ہے، یعنی ایک گروہ کو اصل دوا دی جاتی ہے، جب کہ دوسرے کو دوا کی جگہ صرف سادی گولی دیتے ہیں، نہ ڈاکٹر کو پتا ہوتا ہے کہ اصل دوا کون سی ہے اور نہ مریض کو۔ پھر نتائج دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ’پلاسبو‘ والوں کو بھی 20 فی صد فائدہ ہوگیا ہے، جب کہ اصل دوا والوں میں بھی 20 فی صد اس دوا کے اثر سے محروم رہے ہیں۔ پھر اس فرق کی وجوہ ڈھونڈی جاتی ہیں۔ یہاں کیا سے زیادہ کیسے اہم ہوتا ہے؟ کتاب میں اس پر سوال ہے۔“
یہ ابتدائی گفتگو کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر روحی عبید کی ہے، جو کتاب ’Signals in the shadows‘ کی تقریب رونمائی میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ یہ تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں کتاب کے دونوں مصنفین ڈاکٹر عبید اور روحی عبید کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی پیش پیش تھے اور نہایت گرم جوشی سے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کر رہے تھے۔ اگر ایک طرف مہمانوں نے وقت کا خیال رکھا، تو میزبان نے بھی تقریب شروع کرنے میں کچھ زیادہ تاخیر نہ کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی پہنچ چکے تھے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر وہاب سوری، ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر نسرین اسلم اور الیاس نینی تال والا وغیرہ جیسی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بے شمار نمایاں شخصیات بھی یہاں موجود تھیں۔
موضوعِ سخن ادویات، اِن کے استعمال، اثرات، اس حوالے سے غفلت اور ادویہ سازی کی صنعت کی ترجیحات اور اس حوالے سے قوانین وغیرہ سے جڑا تھا۔ سو جہاں اس شعبے کے تخصیصی ماہرین تھے، وہیں کچھ تعداد میں ہم جیسے عام شائقین بھی تھے، جن کے لیے اکثر گفتگو بہت سَہل انداز میں ہوئی اور ادویات جیسے اہم شعبے میں کی جانے والی سنگین غفلتوں پر روشنی ڈالی گئی۔
اپنی کتاب پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر روحی بانو نے بتایا کہ ”اس کتاب میں سوال کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے، ہم تاریک نکات کو کیسے دیکھیں گے؟ شور میں ’سگنل‘ کو کیسے پہنچانیں گے اور ہم کہاں تک دیکھ سکتے ہیں؟ ادویات کی دنیا میں ابھی بہت کچھ نامعلوم ہے۔ جو غیرفعال ہے، وہ بھی خاموش نہیں، ہمیں یہ تو معلوم ہے کہ ویکسین بیماری سے بچاتی ہے، لیکن کیسے بچاتی ہے، یہ نہیں جانتے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ ہم جو دوا جانچتے ہیں، وہ استعمال نہیں کرتے، اور جو استعمال کرتے ہیں اسے جانچتے نہیں۔ یعنی ہم اعتماد کر رہے ہوتے ہیں۔ ادویہ سازی میں ضروری ہے کہ دوا میں دوسرے اجزا کے اثرات، ملاوٹ یا آلودگی نہ ہو۔ ایک ہی جگہ مختلف النواع کی دوائیں بن رہی ہوتی ہیں، لیکن ایک مرض کی دوا دوسرے مریض کے لیے کاری زہر ثابت ہو سکتی ہے۔ ادویات میں یہ ’تغیرات‘ مختلف طریقوں سے سامنے آرہے ہیں۔
ڈاکٹر روحی بانو نے چائے کی مثال دیتے ہوئے سمجھایا کہ اس کے چار اجزا میں کمی بیشی اور چائے بنانے کا طریقے بدلنے سے کتنا فرق پڑ جاتا ہے، یہاں تک کہ ہم گیس اور کوئلے پر بنی ہوئی چائے کے ذائقے میں بھی اختلاف محسوس کر لیتے ہیں۔ ایسے میں دوا جیسی حساس چیز جس میں کہیں زیادہ اجزا ہوتے ہیں، اس میں کتنے تغیرات رونما ہو سکتے ہیں۔ پھر کوئی دوا کی گولی لاکھوں کی تعداد میں بن رہی ہے، اس کا معیار کیسے طے ہوگا؟ مریض کے پاس تو صرف دوا پہنچتی ہے، لیکن اُسے اُمنگ ہوتی ہے کہ میں دوا لوں گا تو صحت مند ہو جاﺅں گا۔
کتاب کے شریک مصنف ڈاکٹر عبید علی نے کہا کہ جب دوا نہیں تھی، تو ایک ڈر ہوتا تھا۔ چیچک سے کتنا خوف کھاتے تھے، سانس رکتی تھی، تو پھر نہ پوچھیے کہ کیا گزرتی تھی۔ پھر ادویات آئیں، اکثر دوا الہام کی صورت میں سامنے آئیِں، چلتے پھرتے ان کی دریافت ہوئی۔ پھر اس میں جو سرمایہ داری سے چیزیں اُبھر کر سامنے آئیں وہ یہ ہیں کہ ’طبی غلطی‘ کی وجہ سے ہلاکتوں کی ایک بہت بڑی وجہ دوا ہے! اس لیے ضروری ہے کہ سائنس کے بہ جائے ثبوت پر بھروسا کیجیے۔ میں نے جب داخلہ لیا، تو صرف ایک ’فارمیسی‘ تھی، آج 20 فارمیسیز ہیں۔ آج ہر جگہ دوا اور بیماری نظر آتی ہے۔ کسی نہ کسی چیز سے الرجی کے معاملات دیکھیے، نئی نسل میں مُٹاپے کی صورت حال دیکھیے، میں اپنے بیٹے کی عمر میں کیسی جسامت رکھتا تھا اور میرے بیٹے کی جسامت کیا ہے؟
ڈاکٹر عبید علی نے دوا کے استعمال اور تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ”مریض ایک ٹمٹماتی ہوئی بتی ہے، جو ذرا سی غفلت سے بُجھ جائے گی۔ میں نے اپنا کام تحقیقی جرائد میں صرف اتنا لکھا جتنا کہ قابلیت ثابت کرنے کے لیے ضروری تھا، تاکہ کسی کو شبہ باقی نہ رہے، باقی میں اب وہاں کیا لکھوں جہاں جھوٹ چھپ رہا ہے!“
کتاب کے دونوں مصنفین کی گفتگو کے بعد وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کتاب کی رونمائی کی۔ یہ کتاب استقبالیہ پر موجود ڈیسک پر مصنفین کے دست خط کے ساتھ دست یاب تھی، ہم نے ڈاکٹر عبید علی سے اس پر اپنا نام لکھوا کر اُسے اور بھی یادگار بنا لیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ گولی دو طرح کی ہوتی ہے۔ ایک جان لینے والی اور ایک جان بچانے والی۔ ہم نے جامعہ کراچی کے زمانے میں طے کیا تھا کہ عبید کے لیے جان بچانے والی گولی کا شعبہ چننا ہے۔ میں بھی ایک ڈاکٹر تھا، مجھے بھی طبی نسخے لکھنے تھے ، لیکن سیاسی نعرے لکھنے پر مجبور ہوگیا۔
ڈاکٹر ارشد سلیم نے ڈاکٹر عبید علی سے اپنی شناسائی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے ’غیر مقبول درست‘ کام کرنا سیکھا، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ سچ کو پکڑیے تو ’سسٹم‘ چلا جاتا ہے اور ’سسٹم‘ کو پکڑیے تو سچ چُھوٹ جاتا ہے۔ ان دونوں پر کس طرح گرفت کی جا سکتی ہے، یہ میں نے اُن سے سیکھا ہے۔
سجاد حفیظ نے ڈاکٹر عبید سے معیار اور ذمہ داری کی دیکھ ریکھ سیکھی۔ کہتے ہیں کہ اُنھیں کبھی انسپکٹر کے طور پر نہیں، بلکہ ’ایجوکیٹر‘ کے طور پر دیکھا ہے۔ یہ ’دوا سازی‘ کے مولانا طارق جمیل ہیں، ہر وقت معیار کی بات کرتے ہیں۔ ہم ان کی ایسی مزیدکتابوں کے منتظر ہیں۔ ادویات کے اثرات کے حوالے سے ڈاکٹر عباس نے کچھ یوں گفتگو کی کہ ہمارے ہاں سینئر معالجین کے نسخے کسی تعویز کی طرح نقل کیے جاتے ہیں، یوں اُن کے نسخے بھی نقل کیے گئے، مگر ایک مرتبہ اس کا بہت مہلک نتیجہ نکلا، تو سمجھانا پڑا کہ نسخہ لکھتے ہوئے سوچنا اور سمجھنا بھی چاہیے۔
کتاب ’Signals in the shadows‘ کے حوالے سے ڈاکٹر شاہانہ عروج کا خیال تھا کہ وہ یونیورسٹی میں مائیکروبیالوجی کی کلاس میں جو کچھ پڑھاتی رہی ہیں، انھیں وہ سب اس کتاب میں دیکھر بڑی مسرت ہوئی اور ان کی خواہش ہے کہ یہ کتاب نصاب کا حصہ بنے، لیکن جامعہ کراچی میں شعبہ فارمیسی کے ڈین ڈاکٹر حارث شعیب اس خیال سے متفق نظر نہیں آئے، انھوں نے اس کتاب کو کلاس روم کے بہ جائے پختہ ذہنوں کے لیے بہتر خیال کیا۔ ماہر مشرقی طب ڈاکٹر احسنہ ڈار نے کہا اس کتاب میں سسٹم اور مریض کے درمیان فاصلے کو بیان کیا گیا ہے۔
سخن وَری کا تعارف رکھنے والے ڈاکٹر فیاض وید نے شگفتہ انداز میں مقررہ وقت سے زیادہ بات کرنے والے مقررین کی چُٹکی لی۔ کتاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اِس کتاب میں دوا بنانے والوں کو ان کی ذمہ داری بتائی گئی ہے کہ لازم ہے کہ دوا کی وہی تاثیر ہو، جیسی ہونی چاہیے، لیکن ہمارے ہاں ہوتا یہ ہے کہ دکھی انسانیت کے لیے بات کرتے ہیں اور اُسے اور زیادہ دکھی کر جاتے ہیں۔
اس تقریب میں دونوں مصنفین کے استاد ڈاکٹر وسیم صاحب نے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کو اپنا بچہ قرار دیا اور پرخلوص الفاظ میں نیک تمنائیں ان کی نذر کیں۔ انھوں نے پیش گوئی کہ آنے والے وقت میں شعاﺅں سے علاج کا دور آئے گا۔ جیسے روشنی اور آوازوں وغیرہ سے علاج کا سلسلہ شروع ہو ہی چکا ہے۔
کتاب کے حوالے سے بہت سے مقررین نے بیرون ملک سے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اظہار کیا۔ اس کتاب کو ’انٹیلیکچوئل خودمختاری‘ کی طرف قدم اور ادویہ سازی کو ضابطے میں لانے کی بھرپور کوشش قرار دیا۔ یہ کتاب مریضوں اور دوا کے غیر متوقع نتائج کی کہانی ہے۔ ادویہ سازی، حقائق، مریض میں اثرات پر بات کی گئی ہے، لاپتا رابطوں کو جوڑا ہے۔ قارئین کو اُکسایا ہے کہ سوال کی صلاحیت پیدا کریں۔
رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی نے بھی مصنفین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں بہت نقصان ہو چکا، ہم بنیادی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ضروری ہے کہ قومی اسمبلی کو نئے صوبوں کا اختیار دیا جائے، نہ کہ سڑکوں پر خون خرابہ ہو۔ ڈاکٹر عبید علی نے اِس بھرپور تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں اور حاضرین کی آمد کا شکریہ ہی ادا نہیں کیا، بلکہ کتاب کے حوالے سے کسی بھی مکالمے اور گفتگو کا خیر مقدم کیا۔
(بہ شکریہ روزنامہ ایکسپریس 22 نومبر 2026)
Categories
”مریض ٹمٹماتی ہوئی روشنی ہے، ذرا سی غفلت سے بجھ جائے گی!“
