سمے وار (تحریر: محمد زبیر)
عجیب عجیب سی باتیں کرنے والی طاہرہ کاظمی کے والد کو تو کوئی نہیں جانتا پر ان کے دوسرے ہیرو احمد بشیر کو ان خاکوں اور پروڈکٹس کی وجہ سے بہت سے لوگ جانتے ہیں۔
احمد بشیر کون ہیں؟
نیلم بشیر اور بشرہ انصاری کے والد ہیں۔
مرد کو سرہانے کا سانپ کہنے والی طاہر کاظمی جنھیں شاید آپ ان کے دیگر متنازع موضوعات کی وجہ سے جانتے ہوں، اپنے ایک مضمون میں نیلم بشیر کے والد اور اپنے والد دونوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔ ان کے نزدیک ایسے مردوں ہی کی بدولت انھیں سوچنے، سوال اٹھانے اور اظہارِ رائے کی آزادی نصیب ہوئی۔احمد بشیر کو طاہرہ کاظمی ایک مثالی مرد کے طور پر پیش کرتی ہیں۔
کیا احمد بشیر واقعی ایک مثالی مرد ہیں؟ یہی جاننے کے لیے ہم ان کے خاکوں کی کتاب “جو ملے تھے راستے میں ” سے مدد لیتے ہیں۔ احمد بشیر نے زیادہ تر خاکے مردوں پر لکھے ہیں۔ تاہم ان کی زندگی کا سب سے زیادہ متنازع خاکہ ایک خاتون کے بارے میں ہے جنھیں ہم کشور ناہید کے نام سے جانتے ہیں۔
واقعہ یہ ہے کہ کشور نے اپنی کتاب کی تقریبِ رونمائی میں احمد بشیر کو اپنے بارے میں اظہارِ خیال کی دعوت دی۔ مگر انھوں نے اس موقع پر ان کی رنگت، قد، شکل و صورت، حتیٰ کہ کردار تک پر ایسے رکیک حملے کیے کہ وہ خاتون مجمعے کے سامنے سسکیاں لینے لگیں اور پورا پنڈال ان کی آواز سننے لگا۔ پورا واقعہ ان کے اپنے الفاظ میں پڑھیے۔
“میں نے مضمون پڑھنا شروع کیا تو ہال میں سنناٹا چھا گیا۔ سننے والوں نے سانس روک لیے۔ پھر اچانک میں نے ایک سسکی کی ہلکی سی آواز سنی۔ میں نے گھبرا کر ادھر دیکھا۔ کشور ناہید زار و قطار رو رہی تھی۔ صفدر میر جو جلسے کی صدارت کر رہا تھا، نظریں نیچی کیے زمین کی طرف دیکھ رہا تھا۔ میری سَٹی گم ہوگئی۔ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ میں مضمون ختم کردوں یا آگے چلوں۔
میں نے کشور ناہید کی توہین نہیں کی تھی اس پر کوئی الزام نہیں لگایا تھا جیسے شوخ و شنگ وہ تھی ویسی ہی میں نے پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔ پڑھنے سے پہلے میں نے اس کے شوہر سے درخواست کی تھی کہ وہ اسے پڑھ لے۔ وہ ایک صاحب دل شخص تھا۔ اور شوہر ہونے کی نسبت سے وہ کشور کے ہاتھوں مظلوم بھی تھا ۔ اس نے کہہ دیا تھا کہ مضمون مجھے پیشگی دکھانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جو چاہو لکھو۔ اور میں نے جو چاہا سو لکھا۔ مگر اس بات کی احتیاط کی کہ کشور ناہید کی توہین نہ ہوجائے۔ میں اس کی دل سے عزت کرتا تھا ۔ اس کی توہین ہوجانے کا کوئی امکان نہیں تھا مگر میری تحریر میں بے تکلفی ضرور تھی۔ کشور کے بارے میں بے تکلفی کے بغیر کچھ لکھنا ممکن نہیں تھا۔ آخر وہ کوئی نیک پروین تو نہ تھی۔ میں نے مضمون کسی طرح ختم کر لیا مگر میرا جی چاہتاتھا کہ زمین پھٹے تو اس میں سما جاؤں۔ مضمون پڑھنے کے بعد کسی سے آنکھیں چار کیے بغیر میں ہال سے نکل گیا۔”
کشور ناہید مجھ سے بگڑ گئی۔ اس نے مجھ سے بول چال چھوڑ دی۔ مگر میں جانتا تھا کہ وہ دل سے ناراض نہیں کیوں کہ خاکے میں میں نے کوئی ایسی بات نہیں لکھی تھی جس پر وہ ناراض ہو۔ وہ اپنے جن اندازوں پر اصرار کرتی تھی، وہی تو میں نے ابھارے تھے۔
میں نے یہ مضمون چھپنے کے لیے ایک مشہور رسالے کو دیا تو کشور ناہید اسے وہاں سے اٹھا لائی۔ وہ یوسف کامران کو مزید جلانا نہ چاہتی تھی۔”
اس واقعے کے بعد پورے پاکستان میں شدید ردِعمل سامنے آیا۔ احمد بشیر پر سخت تنقید ہوئی، متعدد مضامین لکھے گئے اور ان کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھائے گئے۔
لیکن اس سارے ردِعمل کا نتیجہ کیا نکلا؟
احمد بشیر نے ایک ضمیمہ بھی شامل کر دیا۔ مقصد یہ ثابت کرنا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط بات نہیں لکھی۔ مگر اس وضاحتی تحریر میں انہوں نے پہلے سے بھی زیادہ سخت اور توہین آمیز حملے کیے۔ انہوں نے اس کشور ناہید کے بارے میں نہایت نازیبا زبان استعمال کی، حتیٰ کہ انہیں “گشتی” کہنے کے لیے بھی دلائل پیش کیے، حالاں کہ وہ یہ جانتے تھے کہ پہلے خاکے کی اشاعت کے بعد ان دونوں میاں بیوی کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو چکے تھے۔
اسی کتاب میں ایسے واقعات بھی بیان کیے گئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ احمد بشیر اس خاتون کے لیے نہ صرف غلیظ گالیوں کا استعمال کرتے تھے بلکہ ان سے انتہائی بے ہودہ اور توہین آمیز انداز میں گفتگو بھی کرتے تھے۔
ان کے خاکوں کے مجموعے “جو ملے تھے راستے میں” کے اس خاکے سے ایک چھوٹا سا اقتباس دیکھتے ہیں:
” میں نے بہت غور کیا مگر میری سمجھ میں نہ آیا کہ وہ گالیاں کیوں سنتی ہے۔ پھر ان گالیوں کو بے تکلف دوستوں کے سامنے دہراتی کیوں ہے۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ اس کا قد کسی قدر چھوٹا ہے۔ اس کے نین نقش بھی مدھم ہیں اور اس کا اسے شدت سے احساس ہے۔ مگر اس بظاہر کمزور ہونے کے اندر وہ ایک بھرپور اور لبریز عورت ہے۔ اس کا حق تھا کہ وہ ہرلحاظ سے نسائیت کا ایک مکمل مجسمہ ہوتی۔ اس کو قدرت کی سنگدلی پر غصہ آتا ہے۔ اسی لیے وہ عورت ہونے سے انکار کر دیتی ہے اور مرد دوستوں کو بار بار للکار کر ان کے مساوی ہونا چاہتی ہے۔ “
طاہرہ کاظمی کے رول ماڈل کے مطابق کشور ناہید کواپنے عاشقوں کے ساتھ کھیل کے اور بدنام کرکے خوشی ملتی ہے۔ ان کے اپنے الفاظ میں دیکھ لیجیے:
“اے عاشقِ صادق اب میرے پاس آنا نہ چھوڑنا۔ میں کسی کو بتاتی نہیں۔”
مگر وہ ایسی خوف ناک، چغل خور اور غنڈی ہے کہ اس غریب کے جاتے ہی اس نے ٹیلی فون پکڑ لیا اور کراچی تک ٹرنک کالیں کر کے تمام تفصیلات معہ جذبات لوگوں کو سنائیں۔ ایسا ہی ایک قصہ سن کر میں نے کہا، “کشور، تم لوگوں کو پہلے بہلا کر قریب لاتی ہو، پھر اشتعال دلاتی ہو۔ کوئی تمھیں پکڑ ہی لے تو کیا کروگی۔”
“ارے مجھے پتا ہوتا کہ کون کس مقام پر پھسلے گا۔ مجھے پتہ ہوتا ہے کہ کس کو اشتعال نہیں دلا نا۔ کہو، کبھی تمہیں اشتعال دلایا۔ “
“مگر میں تمھیں فضول عورت سمجھتا ہوں۔ مجھے تم سے کسی قسم کی رغبت نہیں۔”
“تمھارا یہی انوکھا پن مجھے پسند ہے۔ کہو ہے ہمت عشق کرنے کی۔ “
“بکواس مت کرو۔ “میں نے کہا پر وہ بکواس کبھی بند نہیں کرتی۔
احمد بشیر وقت گزرنے کے ساتھ اس مضمون میں اضافہ کرتے چلے گئے۔ اب انھوں نے ان کی بڑھتی عمر پر جملے کسے۔ لکھتے ہیں:
“کشور کو ڈھلتی عمر کے آدمی زیادہ پسند ہیں۔ کسی ایسی عورت کے لیے جس کی جوانی ڈھل رہی ہو۔ جسم و جان بے زبان ہوجائے اکیلا رہنا مشکل ہوتا۔ اسے یہ معلوم ہوگیا ہے کہ برسرِ اقتدار لوگوں سے ذاتی تعلقات کے بغیر پاکستان میں زندہ رہنا مشکل ہے۔ اور برسرِ اقتدار لوگوں سے ذاتی تعلقات قائم کرنا اسے آتا ہے۔
کشور ناہید گریڈ 21 اور 22 کے افسروں کے لیے چھپن چھری ہے۔ وہ ان کی گزری ہوئی جوانی کو اشارے کرتی ہے۔ اپنی قہقہوں کی کھنک سے سوئے ہوؤں کو بیدار کرتی ہے۔ پھر انگلی سے ان کی گردنیں کاٹتی ہے۔ وہ خون دیکھتی اور خون کی دھار دیکھتی ہے۔ نوجوانوں سے اسے کوئی دلچسپی نہیں۔ “
ضمیمہ ب میں ایک جگہ لکھتے ہیں:
“اگر آپ کشور ناہید کو ذلیل کرنا چاہیں تو کہیں کہ وہ ایک خوش خلق، نیک چلن اور شریف خاتون ہے۔ وفاشعار ہے۔ عاجز و انکسار کا پیکر ہے۔ ایثار اس کا شیوہ ہے۔ وہ کسی کا دل نہیں توڑتی۔ سب کی عزت کرتی ہے۔ ۔۔کشور یہ سن کر رو دے گی یا اپنے کپڑے پھاڑ کر برہنہ ہوجائے گی تاکہ آپ شرم سے پانی پانی ہوجائیں۔
کشور کی زندگی کا مرکزی جذبہ اپنے منفی امیج کا ابھار ہے۔ وہ احساس کمتری کی وجہ سے اچھے بھلے مڈل کلاس اشرافوں اور عزت داروں کو اگر وہ بڑے عہدوں پر فائز ہوں تو بجلی کے جھٹکے دے دے کر اپنی طرف کھینچتی ہے۔ مگر ان کے بڑے عہدے ختم ہو جائیں تو ان کی طرف مڑ کر بھی نہیں دیکھتی۔
مثبت امیج کے لیے کشور کے پلے کچھ بھی نہیں۔ اب تو اس کی جوانی کو ڈھلے بھی بیس سال ہو چکے ہیں۔ مگر جب اس کے قدو رخ میں خون دوڑتا تھا تب بھی وہ حسینوں میں شمار نہیں ہوتی تھی۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اس نے کالی آندھی بننے کا فیصلہ کیا۔ اور وہ مختلف طریقے سے مردوں کو لجھانے لگی۔ اس نے شریر اور دعوتی قہقہوں پر عبور حاصل کرلیا۔ وہ جنسی تجربات کو بڑی وضاحت سے بیان کرنے لگی اور اس نے پنجابی بولی کے مصداق پلو مار کر ڈیوڈ بجھادینے اور آنکھوں سے بات کرنے کا ہنر سیکھ لیا۔
مگر میں تو اسے خوش کرنا چاہتا ہوں اس لیے کہتا ہوں کہ وہ بڑی ذلیل عورت ہے۔ سنگدل ہے۔ چھوٹوں کو تھپڑ مارتی ہے بڑوں کے ہاتھوں گھوڑی بن جاتی ہے۔ وہ انتہائی دنیا دار ہے۔ ہر قیمت پر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ اس کی کہنی سمنٹ کی بنی ہوئی ہے۔ وہ سسٹم کو خوب سمجھتی ہے۔
اس کو معلوم ہے کہ مرد ایک کمزور جنس ہے جو اپنے ارادوں پر قدرت نہیں رکھتا۔ وہ کشور سے ڈرتا ہے اس سے نفرت کرتا ہے مگر اس کے اشاروں پر اس کی طرف کھنچا چلا آتا ہے۔ اس سے اس کے منفی امیج کو ابھار ملتا ہے۔ وہ ان مردوں کو جن سے اس کی کوئی دنیاوی غرض وابستہ نہ ہو خوب ذلیل کرتی ہے اور خوشی سے پھولی نہیں سماتی۔
کشور تجریدی فن کی ایک ادھوری تصویر ہے ۔ جس کے رنگ غصے سے ابھرے ہوئے ہیں۔ جس کی کوئی کل سیدھی نہیں۔ ایسے منفی امیج کو بھلا کوئی اور کیا بگاڑ سکتا ہے۔ لو بھائی کشور ناہید تم اب تو خوش ہو نا؟ میں نے تمھاری اتنی تعریف کردی۔
کشور ناہید نے معاشرے کو چڑا چڑا کر نام پیدا کیا ہے۔ جنسیات اس کا پسندیدہ موضوع ہے۔ اور جنسیات ان لذت سے جو جنسیات سے متعلق ہوں، اس کے دوست اس سے بے تکلفی سے بات کرسکتے ہیں۔ خوبصورتی کی بات یہ ہے کہ وہ بے تکلفی کی بات چیت میں حصہ لیتے ہوئے یہ کسی کو فراموش کرنے نہیں دیتی کہ میں عورت ہوں اور دنیا سورج کے گرد نہیں، میرے گرد گھومتی ہے۔
اور عجیب لگنا ہی اس کی زندگی کا بڑا جنون ہے چاہے اس کے لیے اسے سانڈھنی بننا پڑا۔ کچھ اسے اپنے اعلیٰ سرکاری رابطوں کا مان بھی ہے ۔ اس لیے بھی وہ ہماشا کو گھاس نہیں ڈالتی۔ ٹی ہاؤس آنا اور گپ مارنا بھی اس نے ایک عرصے سے ترک کر رکھا ہے۔ اب سابق وزیر اور حاضر سروس سیکٹری اس کے گھر چھپ چھپا کر خود پہنچ جاتے ہیں۔ ان کی باتیں بودی اور پھیکی ہوتی ہیں۔ مگر کشور ناہید کے ہاں گرم مصالحے کی بھی کمی نہیں ہوتی۔ وہ مدھم بتیوں کی لو تیز کرنا جانتی ہے۔
یہ ہیں طاہر کاظمی کے پہلے ہیرو۔ ان کے متعلق اتنا کچھ جاننے کے بعد میری ہمت نہیں ہوئی کہ ان کے دوسرے ہیرو کے متعلق پڑھوں، اس لیے میں نے ان کی نئی کتاب، ایک تھی امی ایک تھے ابا پڑھنے کا ارادہ ترک کردیا۔۔۔
آپ پڑھیں یا نہ پڑھیں، آپ کی مرضی۔
.
(ادارے کا بلاگر سے متفق ہونا ضروری نہیں، آپ اپنے بلاگ samywar.com@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں)
۔
’سمے وار‘ پر اشتہارات کے لیے حیران کن پیش کش سے فائدہ اٹھائیے ابھی رابطہ کیجیے samywar.com@gmail.com
Categories
طاہرہ کاظمی کے ہیرو کا احوال جانیے؟
